ایاز صادق، رانا ثناء اللہ اور طارق فضل چوہدری کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کو عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سیاسی اور باہمی تعلقات سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔
سردار ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ان کے لیے بھائیوں کی مانند ہیں، جبکہ ان کے صاحبزادے ان کے کولیگ اور بھتیجے بھی ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ان کے سیاسی تعلقات سے بڑھ کر ذاتی اور خاندانی تعلقات ہیں۔
اس سے ایک روز قبل اپوزیشن رہنماؤں نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں علامہ راجہ ناصر عباس، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا لطف الرحمان، محمد اسلم غوری، سینیٹر کامران مرتضیٰ اور اخونزادہ حسین بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کی تجویز بھی زیرِ بحث آئی تھی۔
