کوئٹہ: انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس ایک منظم اور نظم و ضبط کی پابند فورس ہے جو عوام کے جان و مال کے تحفظ، قیامِ امن اور دہشت گردی و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پولیس افسران اور جوانوں کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران پولیس اہلکاروں کی لازوال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
پولیس شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں
محمد طاہر نے کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے افسران اور جوان مشکل اور کٹھن حالات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں پوری جانفشانی، پیشہ ورانہ عزم اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
آئی جی بلوچستان کا کہنا تھا کہ عوام کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اہلکار مسلسل اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور دہشت گردی سمیت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
آئی جی محمد طاہر نے کہا کہ پولیسنگ کے نظام کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید آلات، وسائل اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے جدید خطوط پر تربیت کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ اس حوالے سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود کے لیے بھی مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ فورس کو جدید پولیسنگ کے لیے ضروری آلات سے لیس کیا جا رہا ہے، جن میں تقریباً 200 آرمڈ گاڑیاں، 800 سے زائد موٹر سائیکلیں اور جدید و مؤثر ہتھیار شامل ہیں۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ گزشتہ پولیس دربار میں افسران اور جوانوں سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا عمل بتدریج جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے، جدید پولیسنگ کو فروغ دینے اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
پولیس دربار کے اختتام پر آئی جی محمد طاہر نے پولیس افسران اور اہلکاروں کے فرداً فرداً مسائل سنے اور متعدد ذاتی مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
انہوں نے پولیس لائن کے ٹیوب ویل سسٹم کو سولرائز کرنے کے احکامات بھی صادر کیے، جس کا مقصد پولیس لائن میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور توانائی کے مؤثر استعمال کو بہتر بنانا ہے۔
