ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انیل سعید نے اپنے دفتر میں محکمہ سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔
اٹک(بیورورپورٹ اعجازالحسن)
اجلاس میں ضلع بھر میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کی رجسٹریشن، ان کی فعالیت کو ضابطے میں لانے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ان کی خدمات کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں این جی اوز کی رجسٹریشن کے طریقہ کار، متعلقہ قوانین و ضوابط پر عملدرآمد اور ان کے ریکارڈ کو منظم رکھنے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ رجسٹرڈ این جی اوز کو ایک مؤثر نظام کے تحت ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مربوط کیا جائے تاکہ ان کی فلاحی سرگرمیوں سے زیادہ سے زیادہ عوام مستفید ہو سکیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انیل سعید نے ہدایت کی کہ این جی اوز کی رجسٹریشن کا عمل شفاف اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے اور عوامی فلاح کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق اور ضرورت مند افراد کی معاونت کے لیے سرکاری اداروں اور فلاحی تنظیموں کے درمیان مؤثر رابطہ ضروری ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ این جی اوز کی سرگرمیوں کی باقاعدہ نگرانی اور جائزہ لیا جائے تاکہ ان کے فلاحی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
