وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پولیس اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن پر اہم اجلاس، 16 جدید ڈیجیٹل ایپس کا عملی جائزہ لیا گیا

کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی)
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت جمعہ کے روز سنٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں بلوچستان پولیس میں اصلاحات، مختلف شعبہ جات کی ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان اور ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز حسن اسد علوی نے وزیر اعلیٰ کو بلوچستان پولیس کی جانب سے فعال کی گئی 16 مختلف ڈیجیٹل ایپس اور دیگر ڈیجیٹل اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں پولیس کے مختلف شعبوں کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے، پولیسنگ کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور شہریوں کو بروقت اور موثر سہولیات کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اجلاس کے دوران مختلف ڈیجیٹل ایپس کی فعالیت، عملی افادیت اور عوامی سہولت کے حوالے سے عملی مظاہرے کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے ایپس کے دائرہ کار اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
اجلاس میں بلوچستان پولیس کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، ڈیجیٹل سہولیات کے موثر استعمال اور پولیس سروسز کو مزید جدید، موثر اور عوام دوست بنانے کے حوالے سے اہم امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔