اٹک میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں پروقار نعتیہ مشاعرہ اور محفلِ نعت
اٹک (اعجاز الحسن): ضلعی حکومت کی جانب سے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ، 11 اور 12 ربیع الاول کے سلسلے میں میونسپل کمیٹی اٹک کے زیرِ اہتمام ایک پروقار اور روح پرور نعتیہ مشاعرہ اور محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا۔
محفل میں عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ نعت خواں حضرات نے حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی شانِ اقدس میں عقیدت بھرے نذرانے پیش کیے، جس سے محفل کا ماحول انتہائی روح پرور اور نورانی ہو گیا۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اٹک انیل سعید، چیف آفیسر بلدیہ اٹک سردار آفتاب احمد خان، نگرانِ اعلیٰ راشد الرحمن، صدر سیرت کمیٹی حاجی محمد الیاس، جنرل سیکرٹری ندیم رضا خان، وائس چیئرمین نعت کونسل محمد عرفان قادری، ہیڈ کلرک راجہ زاہد حسین، فنانس سیکرٹری پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن اٹک ملک کامران اختر، حمید احمد اعوان اور اعجاز الحسن سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

محفل کے دوران نعت خواں حضرات نے اپنی خوبصورت آوازوں میں نعتیہ کلام پیش کیا اور حضور اکرم ﷺ سے اپنی والہانہ محبت و
عقیدت کا اظہار کیا۔ شرکاء نے نعتیہ کلام کو بھرپور انداز میں سراہا۔
نمایاں کارکردگی پر شیلڈز کی تقسیم
جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں شہر بھر میں بہترین چراغاں اور سجاوٹ کرنے والے نعت خواں حضرات، صحافتی نمائندگان، دکانداروں، مارکی مالکان اور پٹرول پمپ مالکان کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں شیلڈز پیش کی گئیں۔
اس موقع پر میونسپل کمیٹی اٹک کے افسران اور ملازمین کو بھی جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے دوران بہترین کارکردگی، محنت اور خدمات کے اعتراف میں شیلڈز سے نوازا گیا۔
تقریب میں مقررین اور شرکاء نے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مذہبی، سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی محافل محبتِ رسول ﷺ، بھائی چارے اور اسلامی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔


