گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ملک مبشر کے گھر پہنچ گئے۔
اٹک سے بیورو چیف اعجازالحسن کی رپورٹ
گورنر پنجاب نے شہید کے والد ملک محمد سفارش، اہل خانہ اور دیگر عزیز و اقارب سے ملاقات کی، شہید کی وطن عزیز کے لیے عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اس موقع پر شہید ملک مبشر کے والد ملک محمد سفارش اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ شہید کے درجات کی بلندی، مغفرت اور بخشش کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ عظیم صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک مبشر نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور امن کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں۔ شہداء کی قربانیاں ہمارے قومی عزم اور حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی ایک قومی چیلنج ہے جس کے خلاف پاک فوج، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے جوان مسلسل اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ ملک مبشر جیسے بہادر جوانوں نے اپنے خون سے وطن عزیز کی حفاظت اور امن کی بنیادیں مضبوط کی ہیں۔ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہید کا خون ملک و قوم کی حفاظت کے لیے قربان ہوا ہے اور پوری قوم شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ حکومت اور ریاست شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود، مسائل کے حل اور ضروری معاونت کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
گورنر پنجاب نے شہید کے والد ملک محمد سفارش کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب اور متعلقہ ادارے شہید کے خاندان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندان ہمارے لیے انتہائی قابل احترام ہیں اور ان کی ضروریات و مسائل کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو بھی شہید کے خاندان کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر شہید کے اہل خانہ نے ملک مبشر کی شہادت کو وطن عزیز کے لیے عظیم اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے کی قربانی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک مبشر نے ملک و قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کرکے اپنے خاندان اور علاقے کا نام روشن کیا ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے شہید کے اہل خانہ کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کا جذبہ اور حوصلہ پوری قوم کے لیے قابلِ تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں سے روشن ہے جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کی پرواہ نہیں کی۔
گورنر پنجاب نے ایک مرتبہ پھر شہید ملک مبشر کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہید کی عظیم قربانی کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور پاکستان کو دہشت گردی سمیت تمام چیلنجز سے محفوظ رکھے۔


