ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق کا عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کے روٹس کا دورہ
اٹک سے بیورو چیف اعجازالحسن کی رپورٹ
اٹک: ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق نے عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ضلع اٹک کے مختلف علاقوں میں جلوس کے روٹس کا دورہ کیا اور سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈی پی او اٹک نے تھانہ سٹی اٹک، تھانہ صدر اٹک، تھانہ حضرو اور تھانہ حسن ابدال کے علاقوں میں جلوس کے مقررہ راستوں کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران کیپٹن (ر) علی بن طارق نے جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی اور مذہبی جلوسوں کے حوالے سے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات، روٹس اور دیگر ضروری امور کا جائزہ لیا۔
ڈی پی او اٹک نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی اور بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ ایک پرامن اور محفوظ ماحول برقرار رکھا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق جلوسوں کے دوران سیکیورٹی صورتحال پر خصوصی نظر رکھی جائے گی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔



