Picture of Ijaz Ul Hasan

Ijaz Ul Hasan

اٹک: یوم استحصال کشمیر پر ریلی، واک اور تقریب، کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

اٹک (اعجازالحسن):

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اٹک میں ایک پروقار تقریب اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی اور سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن شیخ آفتاب احمد تھے، جبکہ صدارت ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے کی۔

تقریب میں ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) سلیم شہزاد، چیئرمین ہیلتھ کمیٹی ملک حمید اکبر خان، چیف آفیسر بلدیہ اٹک سردار آفتاب احمد خان، چیف آفیسر ضلع کونسل علی عباس بخاری، محکمہ تعلیم کے افسران، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ضلع کونسل ہال سے کچہری چوک تک واک نکالی گئی۔ شرکاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور ہاتھوں میں کشمیر کی آزادی اور حقِ خودارادیت کے حق میں نعرے درج پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ صبح 9 بجے سائرن بجایا گیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے اور اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد صرف سرحدوں کی نہیں بلکہ بیانیے کی جنگ ہے، جس میں پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

دیگر مقررین نے بھی کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دینے پر مجبور کرے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ضلع اٹک کی تمام تحصیلوں میں بھی یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔