Picture of Nadeem Ali

Nadeem Ali

راولپنڈی: پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کے دوران پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا، تاہم کارروائی کے دوران پاک فوج کے ایک بہادر افسر میجر حافظ احسان الٰہی نے وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر رزمک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ حکومتِ پاکستان کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ دہشت گردوں کے لیے “فتنہ الخوارج” کی اصطلاح استعمال کرتی ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن کی قیادت 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی کر رہے تھے، جن کا تعلق ضلع میانوالی سے تھا۔ وہ انتہائی بہادری کے ساتھ اپنے جوانوں کی صفِ اول سے قیادت کرتے ہوئے دشمن کا مقابلہ کرتے رہے اور اسی دوران وطن پر اپنی جان نچھاور کرتے ہوئے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے میجر حافظ احسان الٰہی کو ایک نڈر اور دلیر افسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انتہائی جرات اور عزم کے ساتھ انجام دیں اور مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قوم کے حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کیا جا سکے اور علاقے میں مکمل امن و امان یقینی بنایا جا سکے۔