سیکرٹری اسکول ایجوکیشن بلوچستان کا PMU-BESP منصوبوں کا جائزہ، تعلیمی اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت
کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی)
بلوچستان حکومت کے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن لال جان جعفر نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ پروگرام (PMU-BESP) کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں صوبے بھر میں جاری تعلیمی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر حافظ محمد قاسم نے سیکرٹری کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں معیاری تعلیم تک رسائی بڑھانے، تعلیمی اداروں کی استعداد کار میں بہتری اور طلبہ کے تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے کے لیے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
اجلاس میں چیف پلاننگ آفیسر عبدالخالق، فنانس ڈیپارٹمنٹ اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، جس سے تعلیمی شعبے میں بین الادارہ تعاون کے عزم کا اظہار ہوا۔
اجلاس کے دوران اسکول ٹرانسپورٹ پروگرام، ٹیچر ڈویلپمنٹ پروگرام، دور دراز اضلاع میں جدید تعلیمی ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیجیٹل لرننگ، ٹیچر ایکسی لینس پروگرام اور دیگر اہم منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
شرکاء نے ASPIRE منصوبے کا بھی جائزہ لیا، جس کا مقصد اسکول سے باہر بچوں کی مؤثر نشاندہی، داخلہ اور تعلیم میں برقرار رکھنے کے لیے ایک مضبوط اور پائیدار نظام قائم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی اداروں کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ تعلیمی اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن لال جان جعفر نے PMU-BESP کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے خصوصی طور پر بلوچستان کی 400 انٹرمیڈیٹ پاس طالبات کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام کے کامیاب انعقاد کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صوبے کی نوجوان طالبات کے لیے اعلیٰ تعلیم کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ اسی جذبے اور پیشہ ورانہ انداز کے ساتھ تعلیمی اصلاحات کے منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھے تاکہ بلوچستان میں تعلیم کا معیار مزید بہتر بنایا جا سکے۔



