ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں واقع خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 11 پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 اہلکار زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کیا، جس کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) طارق حبیب نے تصدیق کی کہ حملے میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 11 پولیس اہلکار وطن پر جان قربان کر گئے۔
انہوں نے بتایا کہ حملے اور اس کے بعد ہونے والی جھڑپوں میں 28 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں ڈی ایس پی مجاہد حسین بھی شامل ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق 23 اہلکار مختلف سیکیورٹی کارروائیوں اور مقابلوں کے دوران زخمی ہوئے، جبکہ 5 اہلکار براہِ راست خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے میں زخمی ہوئے۔
واقعے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں اور سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔
شہداء کی میتوں اور زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔
جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک
پولیس کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کا مؤثر جواب دیتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک اور 6 کو زخمی کر دیا، جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
چند روز قبل بھی بڑا دہشت گرد حملہ ناکام بنایا گیا تھا
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ہنگو میں سیکیورٹی فورسز، خیبرپختونخوا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق فتنہ الخوارج (FAK) سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد اورکزئی کے پہاڑی علاقوں سے زرگری، شینواری اور نریاب کی جانب داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے نتیجے میں ان کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا خراجِ تحسین
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ہنگو پولیس، سی ٹی ڈی، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ہنگو دہشت گرد حملہ ایک بار پھر اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور پولیس مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔



