شکاگو میں پاکستانی اسلامی خطاطی کی تین خصوصی نمائشوں کا انعقاد
رپورٹ: توصیف صدیقی | شکاگو، امریکہ
پاکستان کے قونصلیٹ جنرل شکاگو کے زیر اہتمام اسلامی خطاطی کی تین خصوصی نمائشوں کا انعقاد کیا گیا۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد ثقافتی سلسلے میں معروف پاکستانی خطاط عائشہ کمال کے فن پاروں کو شکاگو اور اس کے نواحی علاقوں کے تین اہم مقامات پر پیش کیا گیا۔
اسلامی خطاطی پاکستان کے فنی، تہذیبی اور روحانی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے۔ نمائشوں میں قرآنی آیات اور اسمائے حسنٰی کو نہایت دلکش اور منفرد فنی انداز میں پیش کیا گیا، جو پاکستانی فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور اسلامی فنون کی درخشاں روایت کے عکاس تھے۔
اس سلسلے کی پہلی نمائش کک کاؤنٹی کی خزانچی محترمہ ماریہ پاپاس کے دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں مصر کی قونصل جنرل محترمہ ہبہ ذکی سمیت پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر قونصل جنرل پاکستان زمان مہدی نے شکاگو کی پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے محترمہ ماریہ پاپاس کو اسلامی خطاطی کا ایک خوبصورت فن پارہ دوستی اور خیرسگالی کی علامت کے طور پر پیش کیا۔
دوسری نمائش شکاگو کے نواحی علاقے اوک بروک کی پبلک لائبریری میں اردو سوسائٹی کے اشتراک سے منعقد کی گئی، جس میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور عائشہ کمال کے فن پاروں کو بے حد سراہا۔
تیسری نمائش یونیورسٹی آف شکاگو میں منعقدہ پاکستان سمٹ کے موقع پر سجائی گئی۔ دو روز تک جاری رہنے والی اس نمائش میں یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور امریکی رکن کانگریس جوناتھن جیکسن نے بھی نمائش کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے کانگریس مین جوناتھن جیکسن کو پاک امریکہ دوستی کی علامت کے طور پر اسلامی خطاطی کا ایک فن پارہ پیش کیا۔
کانگریس مین جوناتھن جیکسن نے پاکستانی ثقافت کو متعارف کروانے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کو فروغ دینے کے لیے قونصلیٹ جنرل کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور باہمی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے اس امر کو اجاگر کیا کہ فنون لطیفہ مختلف اقوام اور تہذیبوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فن کے ذریعے ثقافتی ورثے کا اشتراک باہمی احترام، افہام و تفہیم اور پائیدار دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
نمائشوں کا یہ سلسلہ قونصلیٹ جنرل پاکستان کی ثقافتی سفارت کاری کی ان کوششوں کا حصہ تھا جن کا مقصد پاکستان کے فنون لطیفہ اور تہذیبی ورثے کی بہترین روایات کو امریکی معاشرے میں متعارف کروانا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ اس ثقافتی اقدام کو امریکی حکام، علمی حلقوں اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔









