دکی حملہ: گارڈ شہید، 12 مزدور اغوا، مشینری اور گاڑیاں نذرِ آتش

دکی: کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر مسلح افراد کا حملہ، ایک گارڈ شہید، 12 مزدور اغوا، مشینری نذر آتش

کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
بلوچستان کے ضلع دکی میں سیکیورٹی کی صورتحال ایک بار پھر کشیدہ ہوگئی۔ نانا صاحب زیارت کے علاقے پلڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایس ایم سی کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر دیا۔
پولیس اور مزدور ذرائع کے درجنوں کے قریب مسلح شرپسندوں نے اچانک کیمپ پر دھاوا بولا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کمپنی کا ایک سیکیورٹی گارڈ موقع پر شہید ہو گیا جبکہ ایک راہگیر سمیت دو افراد زخمی ہو گئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
۔ اغوا ہونے والے مزدوروں میں مختلف صوبوں کے غریب مزدور شامل ہیں
حملہ آور جاتے ہوئے کیمپ میں موجود بھاری تعمیراتی مشینری اور 4 گاڑیوں کو بھی آگ لگا کر نذر آتش کر گئے، جس کے باعث کمپنی کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر دکی، ضلعی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر مسلح افراد کی گرفتاری اور مغوی مزدوروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور جلد ہی ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Related posts

Leave a Comment