اٹک میں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں پروقار نعتیہ مشاعرہ
اٹک — اعجاز الحسن
اٹک میں حکومتِ پنجاب کی جانب سے جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے بلدیہ ہال اٹک میں ایک پروقار اور روح پرور نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا، جس میں ضلع اٹک سمیت خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے معروف شعراء نے شرکت کی اور بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ سرفراز نے حاصل کی۔ بعد ازاں محکمہ پولیس سے وابستہ معروف پنجابی شاعر حسین امجد نے خوبصورت انداز میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی، جس سے محفل میں عقیدت و محبت کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ شرکاء نے نعتیہ کلام کو بھرپور انداز میں سراہا اور شاعر کو دادِ تحسین پیش کی۔
نعتیہ مشاعرے کی صدارت معروف شاعر راجہ مختار سگھروی نے کی، جبکہ شاکر القادری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض چیف آفیسر بلدیہ اٹک سردار آفتاب احمد نے انجام دیے۔
مشاعرے میں ضلع اٹک کے نامور شعراء کے علاوہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پشتون شعراء نے بھی خصوصی شرکت کی۔ شعراء نے اپنے نعتیہ کلام کے ذریعے حضور اکرم ﷺ سے والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کیا اور سیرتِ طیبہ، اخلاقِ حسنہ اور عشقِ رسول ﷺ کے مختلف پہلوؤں کو خوبصورت اشعار کے ذریعے اجاگر کیا۔
تقریب کے دوران شرکاء نے حکومتِ پنجاب اور بلدیہ اٹک کی جانب سے ایسے روحانی، ادبی اور بامقصد پروگرام کے انعقاد کو سراہا۔ مقررین اور شرکاء کا کہنا تھا کہ نعتیہ محافل نہ صرف محبتِ رسول ﷺ کے جذبات کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ سیرتِ طیبہ اور اسلامی اخلاق و اقدار کو عام کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر صدرِ محفل، مہمانِ خصوصی اور دیگر معزز شخصیات نے شریک شعراء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی نعتیہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
شرکاء نے امید ظاہر کی کہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں آئندہ بھی ایسے بامقصد، روح پرور اور ادبی پروگرام منعقد کیے
جاتے رہیں گے تاکہ نئی نسل کو سیرتِ طیبہ، محبت، اخوت اور خدمتِ انسانیت کے پیغام سے روشناس کرایا جا سکے۔



