سیف سٹی بلوچستان کی بڑی کارروائی: 138 چوری شدہ گاڑیاں برآمد، دہشت گردی کے 9 منصوبے ناکام بنا دی
کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے سیف سٹی اتھارٹی کی کارکردگی اور اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کی مؤثر نگرانی کے نتیجے میں ملک بھر سے چوری شدہ 138 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جبکہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے 9 مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی کرکے دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کو ناکام بنا دیا گیا۔ اتھارٹی نے مختلف جرائم کے مقامات سے متعلق پولیس کو 631 اہم شواہد بھی فراہم کیے ہیں۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ 15 مددگار ایمرجنسی رسپانس سروس کو سی ٹی ڈی سے منسوب کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کی استعداد کار مزید بڑھانے کے لیے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے معاونت حاصل کی جائے گی۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے اور اس کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ مزید یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیف سٹی نظام کو مزید مستحکم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ جرائم اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی سے پولیس کی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے جدید نگرانی کے نظام کو صوبے کے مزید علاقوں تک وسعت دی جائے اور اس سلسلے میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے تجربات سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔


