جشنِ آزادی آرمی پبلک سکول اٹک کے ہونہار طالب علم محمد حیدر علی کا بچوں اور نوجوانوں کے نام خصوصی پیغام
اٹک جشنِ آزادی کے موقع پر آرمی پبلک سکول اٹک کے ایک ہونہار طالب علم نے بچوں اور نوجوانوں کے نام خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں، جدوجہد اور بے شمار مشکلات کے بعد حاصل ہونے والی ایک عظیم نعمت ہے۔ ہمیں آزادی کی قدر کرتے ہوئے اپنے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔طالب علم نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ملک کی باگ ڈور آنے والے وقت میں انہی کے ہاتھوں میں ہوگی۔ اس لیے ضروری ہے کہ طلبہ اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں، وقت کی پابندی کریں، محنت اور نظم و ضبط کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور جدید علوم و ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ صرف اچھی تعلیم ہی نہیں بلکہ اچھا کردار، اخلاق، دیانت داری، برداشت اور دوسروں کا احترام بھی ایک ذمہ دار شہری کی پہچان ہے۔انہوں نے بچوں کو پیغام دیا کہ وہ سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں اور اپنی صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں بروئے کار لائیں۔ نوجوان منفی سوچ، مایوسی اور آپس کے اختلافات سے دور رہتے ہوئے اتحاد، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔طالب علم نے کہا کہ ہمیں اپنے قومی ہیروز اور تحریکِ آزادی کے رہنماؤں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ جشنِ آزادی صرف جھنڈے لہرانے اور تقریبات منعقد کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ دن ہمیں اپنے وطن سے وفاداری، ذمہ داری اور پاکستان کی خدمت کا عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔آخر میں انہوں نے قوم بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی نسل تعلیم، محنت اور کردار کے ذریعے پاکستان کو دنیا کی ترقی یافتہ اور مضبوط اقوام کی صف میں شامل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی

