چمن چیمبر آف کامرس کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات، بارڈر کی بندش اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی پر تفصیلی گفتگو

چمن بارڈر کھولنے، آئی ٹی ٹی ایم ایس کو ڈرائی پورٹ قرار دینے اور انڈسٹریل زون کی بحالی کا مطالبہ، اسپیکر کی مسائل حل کرانے کی یقین دہانی

چمن (سید سردار خوندئی + پ ر): چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں چمن بارڈر کی بندش، مقامی آبادی کو درپیش معاشی مشکلات اور درآمدات و برآمدات کی بحالی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر سلیم کوسہ، صدر چمن چیمبر آف کامرس علاؤالدین خان اچکزئی، سابق صدر حاجی رحمت اللہ پہلوان، کنوینر اسٹینڈنگ کمیٹی چمن چیمبر حاجی عبدالمنان خان درانی، ایڈووکیٹ ہمایوں خان اچکزئی، سیکرٹری چمن چیمبر آف کامرس نقیب اللہ اچکزئی اور ایگزیکٹو ممبر محمود خان شریک تھے۔

ملاقات کے دوران وفد نے چمن بارڈر کی بندش کے باعث مقامی تاجروں، مزدوروں اور شہریوں کو درپیش معاشی مشکلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط، درآمدات و برآمدات کی بحالی اور کاروباری سرگرمیوں کو دوبارہ فعال بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ درآمدات اور برآمدات کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت پاکستان کے مفاد میں ہے۔ اس سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور زرمبادلہ کے حصول میں بھی خاطر خواہ بہتری آئے گی۔

وفد نے مطالبہ کیا کہ چمن آئی ٹی ٹی ایم ایس کو ڈرائی پورٹ کا درجہ دیا جائے، انڈسٹریل زون کو مکمل طور پر بحال کیا جائے اور مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع کی بحالی کو ترجیح دی جائے۔

وفد نے اس بات پر زور دیا کہ سرحدی تجارت کی بحالی سے علاقے کی معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی لوگوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفد کو یقین دلایا کہ چمن بارڈر کی بندش سمیت تمام مسائل اور مشکلات متعلقہ فورمز پر اٹھائے جائیں گے اور ان کے حل کے لیے جلد ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

ملاقات میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ چمن بارڈر پر تجارتی سرگرمیوں کی بحالی سے مقامی معیشت کو سہارا ملے گا اور علاقے میں کاروبار و روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

Related posts

Leave a Comment