چمن انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ: گورنمنٹ خیرو جان باغچہ اسکول چیمپئن

چمن انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ فائنل 2026

صادق کرکٹ گراؤنڈ میں فائنل کے دوران گورنمنٹ خیرو جان باغچہ اسکول نے علم اسکول کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

چمن (سید سردار محمد خوندئی) ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن چمن کے زیر اہتمام صادق کرکٹ گراؤنڈ میں جاری انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل اختتام پذیر ہوگیا، جس میں گورنمنٹ خیرو جان باغچہ اسکول نے علم اسکول کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا، جبکہ سینکڑوں شائقین نے گراؤنڈ میں موجود رہ کر میچ سے لطف اٹھایا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

فائنل کے مہمان خصوصی ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر عبدالاحاد اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن چمن احمد خان تھے۔ محمد طاہر، عبدالنافع ملنگ، محمود خان خپلواک اور پریس سیکرٹری عبدالہادی اچکزئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مہمانوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

نوجوانوں میں کرکٹ کے فروغ پر زور

ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن چمن نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ شیرون نیازی کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایسوسی ایشن کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ طلبہ کو اپنی صلاحیتیں دکھانے، تجربہ حاصل کرنے اور مستقبل میں ضلعی، ریجنل اور قومی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

ضلعی صدر عبدالودود خان اور چیئرمین احمد خان نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کرکٹ کے فروغ کے لیے آئندہ بھی مزید ٹورنامنٹس منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میرٹ، شفافیت اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کو ترجیح دی جائے گی۔

پریس سیکرٹری عبدالہادی اچکزئی نے دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد طلبہ میں تعلیم کے ساتھ کھیلوں کا شوق پیدا کرنا اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مناسب مواقع، رہنمائی اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے تو وہ اپنے علاقے اور ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

Related posts

Leave a Comment