Picture of Ijaz Ul Hasan

Ijaz Ul Hasan

آر پی او راولپنڈی اور کمشنر راولپنڈی کا ضلع اٹک کا دورہ، چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

اٹک سٹی
بیورو رپورٹ: اعجاز الحسن

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی کے ہمراہ ضلع اٹک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اٹک سٹی میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اٹک سردار موارہن خان، ایس پی انویسٹی گیشن زینب ایوب اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

آر پی او راولپنڈی اور کمشنر راولپنڈی نے جلوس کے روٹ، داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات اور قائم کیے گئے سیکیورٹی پوائنٹس کا معائنہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوس روٹ سے ملحقہ تمام گلیوں اور راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے، مکمل تلاشی اور سیکیورٹی چیکنگ کے بغیر کسی بھی شخص کو جلوس میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے، جبکہ ڈیوٹی پر تعینات تمام پولیس افسران اور اہلکار ہر وقت الرٹ رہیں۔

حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جلوس کے پرامن انعقاد کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں، جبکہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔