سکھر: موٹروے پولیس نے ایم-5 موٹروے پر روہڑی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ اور 18 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبید اللہ اور عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق بالترتیب پشاور اور کوہاٹ سے ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان پشاور سے گاڑی کے ذریعے اندرونِ سندھ اسلحہ اور گولہ بارود منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ گرفتاری سے بچنے کے لیے انہوں نے تین مختلف چیک پوسٹوں کو توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم موٹروے پولیس نے تعاقب کے بعد انہیں گرفتار کر لیا۔
تلاشی کے دوران گاڑی سے 14 سب مشین گنز (ایس ایم جیز)، 19 عدد 30 بور پستول، 4 عدد 9 ایم ایم پستول، 46 اضافی ایس ایم جی میگزین، 43 پستول میگزین، 4 دوربینیں (ٹیلی اسکوپس) اور 18 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے بعد گرفتار ملزمان، برآمد شدہ اسلحہ اور گولہ بارود کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سکھر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اسلحے کی ترسیل کے نیٹ ورک اور اس میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔


