فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے میٹرک (اول) سالانہ 2026ء کے نتائج کا اعلان کر دیا، کامیابی کا تناسب 74.69 فیصد رہا
ایک لاکھ 92 ہزار 925 امیدواروں میں سے ایک لاکھ 44 ہزار 89 کامیاب، 547 امتحانی مراکز قائم، ری چیکنگ کے لیے درخواستیں 21 اگست تک جمع کرائی جا سکیں گی
فیصل آباد (میاں افتخار احمد) : بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان میٹرک (اول) سالانہ 2026ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کی تقریب تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جہاں چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق مقررہ وقت پر لیپ ٹاپ کا بٹن دبا کر نتائج آن لائن جاری کیے، جس کے ساتھ ہی نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیے گئے۔
چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتحان میٹرک (اول) سالانہ 2026ء میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 92 ہزار 925 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے ایک لاکھ 44 ہزار 89 امیدوار کامیاب قرار پائے، جبکہ کامیابی کا مجموعی تناسب 74.69 فیصد رہا۔ انہوں نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی کے پیچھے والدین کی دعائیں، اساتذہ کرام کی محنت اور طلبہ کی مسلسل جدوجہد شامل ہے، اس لیے والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امتحان کا انعقاد 27 مارچ 2026ء کو کیا گیا تھا اور امتحانی عمل سے لے کر نتائج کی تیاری تک تمام مراحل حکومت پنجاب کے مقررہ ایس او پیز کے مطابق مکمل شفافیت، دیانتداری اور احتیاط سے انجام دیے گئے۔ انہوں نے سیکرٹری بورڈ، کنٹرولر امتحانات اور بورڈ کے تمام افسران و ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کی محنت کے باعث مقررہ وقت پر نتائج کا اعلان ممکن ہو سکا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے کہا کہ نتائج کی تیاری ایک انتہائی ذمہ دارانہ اور حساس عمل تھا، جس کے لیے بورڈ کے تمام ملازمین نے محنت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بہتر اور بروقت سہولیات کی فراہمی کے لیے بورڈ اپنی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن نے بتایا کہ فیصل آباد بورڈ جدید کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے امتحانی امور سرانجام دے رہا ہے، جس کی بنیاد شفافیت، دیانتداری، مستقل مزاجی اور عمل پیہم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن سے لے کر رول نمبر سلپ کے اجرا، پرچہ جات کی مارکنگ، سپر چیکنگ اور نتائج کی تیاری تک ہر مرحلہ انتہائی رازداری اور احتیاط کے ساتھ مکمل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے اضلاع میں امیدواروں کی سہولت کے لیے 547 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تاکہ طلبہ کو امتحانی مراکز تک پہنچنے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میٹرک (سیکنڈ) سالانہ 2026ء کے امتحانات کا آغاز 6 اکتوبر 2026ء سے ہوگا۔ اس سلسلے میں سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 7 اگست سے 19 اگست، دوگنا فیس کے ساتھ 20 اگست سے 25 اگست جبکہ تین گنا فیس کے ساتھ 26 اگست سے 29 اگست 2026ء تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
تقریب کے دوران نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں نقد انعامات، میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں والدین، اساتذہ کرام اور شعبہ تعلیم سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی اور کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ بعد ازاں چیئرمین بورڈ نے پوزیشن ہولڈرز کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا جبکہ انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
چیئرمین بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ نتائج انتہائی احتیاط اور مقررہ قواعد کے مطابق تیار کیے گئے ہیں، تاہم اگر کوئی طالب علم اپنے نتائج سے مطمئن نہ ہو تو وہ 21 اگست 2026ء تک ری چیکنگ کے لیے درخواست جمع کرا سکتا ہے۔ ری چیکنگ کے دوران امیدوار اپنی جوابی کاپی خود بھی دیکھ سکے گا، جبکہ اگر کسی قسم کی غلطی ثابت ہوئی تو نہ صرف ری چیکنگ فیس واپس کی جائے گی بلکہ نظرثانی شدہ رزلٹ کارڈ بھی فوری جاری کیا جائے گا۔


