Picture of Mian Iftikhar Ahmad

Mian Iftikhar Ahmad

پاکستان اور امریکہ کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ تعاون پر اتفاق

وزیر ریان ڈاٹسن کی ریورنڈ شاہد ایم پال سے ملاقات، امن، مذہبی رواداری، قومی یکجہتی اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ

فیصل آباد (میاں افتخار احمد) ریورنڈ شاہد ایم پال نے امریکہ کے ریاست کینٹکی سے تعلق رکھنے والے وزیر اور ریاستی رکن اسمبلی ریان ڈاٹسن سے ملاقات کی، جو نہایت خوشگوار، مثبت اور نتیجہ خیز ماحول میں منعقد ہوئی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تعلقات، بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی آزادی، سماجی استحکام اور اقلیتی برادریوں کے حقوق سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیر ریان ڈاٹسن، جو گزشتہ 33 برس سے زائد عرصے سے عوامی خدمت اور کمیونٹی قیادت سے وابستہ ہیں، نے ریورنڈ شاہد ایم پال کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی مسیحی برادری کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب اور طبقات کے درمیان امن، باہمی احترام، مذہبی رواداری اور سماجی ہم آہنگی کا فروغ ایک مضبوط اور مستحکم معاشرے کی بنیاد ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کے روشن، پرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے بھائی چارے، باہمی اعتماد اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ اس موقع پر اقلیتی اور اکثریتی برادریوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے، غلط فہمیوں کے خاتمے اور باہمی اعتماد میں اضافے کے لیے عملی تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ فریقین نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی روابط، بین المذاہب مکالمے اور تعمیری تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے عوام امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ ملاقات میں امریکہ کی موجودہ انتظامیہ کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا، جبکہ حکومتِ پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کے استحکام، قومی سلامتی اور ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔ ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی، باہمی احترام، مذہبی رواداری، امن اور ترقی کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات مزید مضبوط اور مؤثر بن سکیں۔