اسلام آباد میں تجاوزات کے خاتمے، قانون پر عملدرآمد اور شہری نظم و ضبط کے لیے اقدامات تیز کرنے کا عزم، تاجروں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی
(بیورو چیف: اعجاز الحسن)
کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ڈپٹی کمشنر انیل سعید کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات، انتظامی صلاحیتوں، دیانتداری اور کارکردگی کے اعتراف میں اسپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے کا اضافی چارج تفویض کر دیا گیا ہے۔ نئی ذمہ داری ملنے کے بعد اسلام آباد میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے، قوانین پر عملدرآمد اور شہری انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
انیل سعید اس سے قبل اسلام آباد میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت مختلف اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اپنے سابقہ دورِ تعیناتی میں انہوں نے عوامی مسائل کے حل، شہری سہولیات کی بہتری اور سرکاری امور کی مؤثر انجام دہی پر توجہ دی۔ ان کی نگرانی میں تجاوزات کے خاتمے، کلین اینڈ گرین اسلام آباد مہم اور شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ان کی جانب سے غیر قانونی تجاوزات، سرکاری اراضی پر قبضوں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
اسپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے کی اضافی ذمہ داریاں ملنے پر انیل سعید نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کے وژن کے مطابق دارالحکومت کی بہتری، خوبصورتی اور شہری نظم و ضبط کے لیے تمام دستیاب صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا، پُرسکون اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تجاوزات کے خاتمے اور قوانین پر عملدرآمد کے لیے بلاامتیاز اقدامات کیے جائیں گے تاکہ سرکاری اراضی اور عوامی راستوں کو غیر قانونی قبضوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی عملداری کے ساتھ دکانداروں، تاجروں، کاروباری برادری اور چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا بھی اہم ترجیح ہے۔ انتظامی اقدامات کا مقصد کاروباری سرگرمیوں میں غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کرنا نہیں بلکہ قانون کی پاسداری کے ساتھ تجارت اور کاروبار کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
دریں اثنا شہریوں، تاجروں اور مختلف سماجی حلقوں نے انیل سعید کو اضافی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے انتظامی تجربے اور فعال کردار سے اسلام آباد میں تجاوزات کے خاتمے، صفائی ستھرائی، شہری سہولیات اور قانون پر عملدرآمد کے حوالے سے مزید بہتری آئے گی۔
