ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ آج، ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار رجسٹرڈ
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے تحت ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ آج منعقد ہو رہا ہے۔
امتحان کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 160 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔ ایم ڈی کیٹ پاکستان کے 34 امتحانی مراکز کے علاوہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم ایک بین الاقوامی مرکز پر بھی لیا جا رہا ہے۔
صوبائی سطح پر پنجاب سے 49 ہزار، خیبر پختونخوا سے 38 ہزار جبکہ سندھ سے 34 ہزار سے زائد امیدوار امتحان میں شرکت کر رہے ہیں۔
امتحانی انتظامات کے تحت امیدواروں کو ٹیسٹ مکمل ہونے سے پہلے امتحانی مرکز سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام امیدواروں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ امتحان کے اختتام تک اپنی نشستوں پر موجود رہیں۔
امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت کسی بھی قسم کی ڈیجیٹل ڈیوائس لانے پر پابندی عائد کی گئی ہے، تاکہ امتحان کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق منعقد کیا جا سکے۔
