ہیوسٹن میں HHRD کا کامیاب فنڈ ریزنگ ڈنر، کراچی کے KIND-R ہسپتال کے لیے بھرپور عطیات
یونس خان کی خصوصی شرکت، دستخط شدہ بیٹس، بالز اور جرسیوں کی نیلامی، سید جاوید انور کا ایک لاکھ ڈالر کا عطیہ
ہیوسٹن: امریکی فلاحی ادارے Helping Hand for Relief and Development (HHRD) کے زیر اہتمام ہیوسٹن میں کراچی میں قائم KIND-R Hospital کی معاونت کے لیے ایک شاندار فنڈ ریزنگ ڈنر منعقد ہوا، جس میں پاکستانی امریکن کمیونٹی، مخیر حضرات، کاروباری، سماجی اور کمیونٹی شخصیات کے علاوہ خواتین کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ہسپتال کے فلاحی مشن کے لیے فراخدلانہ عطیات دیے
KIND-R ہسپتال HHRD کا ایک اہم اور منفرد فلاحی منصوبہ ہے، جس کے قیام کے لیے گزشتہ برسوں کے دوران امریکا سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں فنڈ ریزنگ کی جاتی رہی ہے۔ اب اس منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو کر باقاعدہ طور پر فعال ہوچکا ہے اور کراچی میں مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ہسپتال میں نیورولوجی، نیورو سرجری، فزیوتھراپی، ذہنی صحت اور جسمانی بحالی سمیت مختلف شعبوں میں خصوصی علاج اور خدمات کی فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے، خصوصاً ایسے مریضوں کے لیے جن کے لیے مہنگا علاج حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے
اس بڑے منصوبے کا عملی شکل اختیار کرنا HHRD کی ایک اہم کامیابی قرار دیا گیا
ادارہ دنیا کے مختلف ممالک میں اپنے ڈونرز، رضاکاروں اور معاونین کے تعاون سے انسانی خدمت کے منصوبوں کے لیے وسائل جمع کرتا ہے، اور KIND-R ہسپتال اسی اجتماعی کوشش کی ایک نمایاں مثال بن کر سامنے آیا ہے
ہیوسٹن میں منعقدہ فنڈ ریزنگ تقریب کی خصوصی کشش پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹر یونس خان کی شرکت تھی، جن کا شرکاء نے پرتپاک استقبال کیا۔ یونس خان نے HHRD کے انسانی خدمت کے مشن کو سراہا اور ہسپتال کے لیے ہونے والی فنڈ ریزنگ سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کیا
تقریب کے دوران یونس خان کے دستخط شدہ کرکٹ بیٹس، بالز اور جرسیوں کی خصوصی نیلامی بھی کی گئی۔ شرکاء نے ان یادگاری اشیاء کے حصول کے لیے بڑھ چڑھ کر بولیاں لگائیں اور ہزاروں ڈالر کے عطیات ہسپتال کے لیے جمع ہوئے
اس موقع پر معروف پاکستانی امریکن بزنس مین اور مخیر شخصیت سید جاوید انور نے KIND-R ہسپتال کے لیے ایک لاکھ ڈالر عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ ان کے اس فراخدلانہ تعاون کو شرکاء نے زبردست انداز میں سراہا تقریب میں موجود دیگر مخیر حضرات اور
کمیونٹی اراکین نے بھی دل کھول کر عطیات پیش کیے اور ہسپتال کے مشن کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا
پروگرام میں یونس خان کے ساتھ ایک دلچسپ سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جسے شرکاء نے بے حد پسند کیا اس دوران پاکستان کرکٹ، قومی ٹیم کی موجودہ کارکردگی، کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے اور بالخصوص ریڈ بال کرکٹ کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔ یونس خان نے اپنے طویل کرکٹ تجربے کی روشنی میں مختلف سوالات کے جوابات دیے اور پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا
تقریب سے سابق فرسٹ کلاس کرکٹرز اور کرکٹ سے وابستہ شخصیات نعیم الحق، ساجد ریاض اور ساجد خان سمیت دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔ HHRD کے ذمہ داران الیاس چوہدری، معیز خان اور جاوید صدیقی اور ان کی ٹیم نے پروگرام کے انتظامات اور فنڈ ریزنگ سرگرمیوں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا
تقریب میں ہیوسٹن کی مختلف سماجی، سیاسی، کاروباری اور کمیونٹی تنظیموں کی نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ان میں PAVA کے صدر عبدالرؤف خان، عبدالرحمان پٹیل، یونیورسٹی آف کراچی المنائی سے اعظم اختر ، غلام معین الدین چشتی، معروف کمیونٹی رہنما سعید شیخ، ٹیکساس اسٹیٹ ریپریزنٹیٹو ڈاکٹر سلیمان لالانیPAGH کے صدر سراج نارسی اور ڈاکٹر جلال الدین قریشی سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں پروگرام میں خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، جن میں شمیم پٹیل ،فلک زہرا ،صوبیہ صدیقی سمیت مختلف سماجی اور کمیونٹی حلقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی
مقررین نے اس موقع پر کہا کہ KIND-R محض ایک ہسپتال نہیں بلکہ ان ہزاروں خاندانوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے جن کے لیے نیورولوجیکل اور بحالی سے متعلق مہنگا اور خصوصی علاج حاصل کرنا آسان نہیں۔ کراچی میں اس ہسپتال کا فعال ہونا اس بات کی مثال ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اور عالمی سطح پر کام کرنے والے فلاحی ادارے مشترکہ کوششوں سے پاکستان میں صحت کے شعبے میں دیرپا اور مؤثر تبدیلی لاسکتے ہیں
ہیوسٹن کی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی بھرپور شرکت، مخیر حضرات کے فراخدلانہ عطیات اور رضاکاروں کی خدمات نے تقریب کو ایک کامیاب فنڈ ریزنگ ایونٹ بنا دیا یہ اجتماع اس حقیقت کا بھی اظہار تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن سے ہزاروں میل دور رہنے کے باوجود صحت، تعلیم اور انسانی خدمت کے منصوبوں کے ساتھ اپنا تعلق مضبوطی سے قائم رکھے ہوئے ہیں اور ضرورت
مند انسانوں کی خدمت کے لیے مسلسل اپنا کردار ادا کررہے ہیں




