دکی میں بم دھماکہ، تین بھائی جاں بحق، ایک زخمی
کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی)
– تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع دکی کی تحصیل لونی کے علاقے کلی بختیار خان میں آئی ای ڈی دھماکہ ہوا۔
ایس پی دکی منصور احمد بزدار کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک گاڑی ندی سے گزر رہی تھی کہ اچانک آئی ای ڈی کی زد میں آ گئی۔
ایس پی کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تین بھائی موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
جاں بحق ہونے والے افراد اپنی ذاتی گاڑی میں اپنی زمین پر جا رہے تھے۔ جاں بحق افراد کی شناخت رحمت اللہ، دورانی اور نعمت اللہ پسران سلطان کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی کی شناخت عتیق اللہ ولد مولوی نیک محمد کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس پی دکی نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ اسپتال دکی منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

