بلوچستان کی مجموعی امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 28 واں دفاعی جائزہ اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔

کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
اجلاس کی مشترکہ صدارت وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر کوئٹہ نے کی۔ اجلاس میں صوبے میں امن و استحکام، سیکیورٹی اقدامات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایک اہم اور اصولی فیصلہ کرتے ہوئے کوئٹہ سمیت صوبے کے اہم اضلاع اور شہروں میں مرحلہ وار سیف سٹی پروجیکٹ کو فعال کرنے کی منظوری دی گئی، جس سے جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ باقاعدگی سے منعقد ہونے والے ان اجلاسوں کے انتہائی مثبت اور دور رس نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر تین ہفتے بعد اس اجلاس کے انعقاد سے سابقہ فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے اور امن و امان کی صورتحال کا تسلسل کے ساتھ جائزہ لیا جاتا ہے۔
اجلاس میں سول و عسکری اداروں، انٹیلی جنس اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے حالیہ دنوں میں دہشت گردی اور جرائم کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
آخر میں تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے روشن مستقبل، پائیدار امن، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔