اٹک: پتیری روٹی کی عدم دستیابی پر ضلعی فوڈ کنٹرولر کا ایکشن، تندور ایسوسی ایشن صدر طلب۔

اٹک : عجاز الحسن

 اٹک شہر کے تندوروں پر پتیری روٹی کی عدم دستیابی کی شکایات کا ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر چوہدری شمس عباس نے نوٹس لیتے ہوئے تندور ایسوسی ایشن کے صدر نادر خان کو طلب کرلیا۔ اس موقع پر پتیری روٹی کی فراہمی، سرکاری نرخ اور تندور مالکان کو آٹے کی سپلائی سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔میٹنگ میں میڈیا نمائندگان میں پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن اٹک کے ضلعی صدر طارق محمود، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر فہیم نعمت خٹک، سابق چیئرمین اٹک پریس کلب شیخ جاوید اقبال، محمد صابرین اور جاوید پنڈی گھیبی بھی موجود تھے۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر چوہدری شمس عباس نے تندور ایسوسی ایشن کے صدر نادر خان کو واضح وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ پتیری روٹی کا بحران کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق پتیری روٹی کی فروخت یقینی بنائی جائے، جبکہ مقررہ نرخ پر روٹی کی عدم دستیابی کی صورت میں متعلقہ تندور مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پتیری روٹی 18 روپے جبکہ نان 30 روپے کے مقررہ نرخ پر فراہم کیا جائے، سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔چوہدری شمس عباس نے مزید کہا کہ شہر کے تمام تندوروں کو حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کوٹے کے مطابق آٹے کی سپلائی بلا تعطل جاری رکھی جائے گی تاکہ شہریوں کو مقررہ نرخ پر روٹی کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تندور ایسوسی ایشن کے صدر نادر خان نے یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہریوں کو پتیری روٹی کی مقررہ نرخ پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔