یونیورسٹی آف بلوچستان میں ذہنی صحت کے عالمی دن کی تقریب

University students present mental health awareness models and educational displays at a World Mental Health Day event in Quetta.

ذہنی صحت جسمانی صحت جتنی ہی اہم ہے: پرو وائس چانسلر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی

کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی): یونیورسٹی آف بلوچستان کے شعبہ سائیکالوجی کے زیرِ اہتمام ذہنی صحت کے عالمی دن کے حوالے سے ایک پروقار اور آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد موجودہ دور کی مصروف اور دباؤ سے بھرپور زندگی میں ذہنی صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور طلبہ و عوام میں شعور بیدار کرنا تھا۔

تقریب میں شعبہ سائیکالوجی کے مختلف سمسٹرز کے طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔ طلبہ نے نفسیاتی امراض، ان کے علاج اور ذہنی صحت سے متعلق آگاہی پر مبنی تخلیقی ماڈلز اور معلوماتی اسٹالز قائم کیے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔

تقریب کے دوران اسٹال ماڈلز کا مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جس کے ججز ڈاکٹر صائمہ عمبرین، ڈاکٹر مہرین صدیقی اور شاہد علی تھے۔ ججز کے فیصلے کے مطابق چھٹے سمسٹر کے طلبہ نے پہلی، چوتھے سمسٹر کے طلبہ نے دوسری جبکہ دوسرے سمسٹر کے طلبہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر ببرک نیاز، ڈائریکٹر جنرل اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر ناصر کیازئی، رجسٹرار پروفیسر محمد شریف حسنی اور چیئرمین شعبہ سائیکالوجی ڈاکٹر سید عزیز آغا شامل تھے۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔

تمام مہمانوں نے اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبہ کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور تحقیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی نے کہا کہ آج کی تیز رفتار اور دباؤ سے بھرپور زندگی میں ذہنی صحت جسمانی صحت جتنی ہی اہم ہے۔ انہوں نے ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے شعبہ سائیکالوجی کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر ببرک نیاز نے کامیاب تقریب کے انعقاد پر شرکاء اور منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں ذہنی صحت سے متعلق ایسے آگاہی پروگراموں کی اشد ضرورت ہے۔

چیئرمین شعبہ سائیکالوجی ڈاکٹر سید عزیز آغا نے اپنے خطبۂ استقبالیہ میں تمام مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے اختتام پر ذہنی صحت کے عالمی دن کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ مہمانانِ خصوصی کو اعزازی تحائف پیش کیے گئے۔

Related posts

Leave a Comment