کیسکو چمن کی پولیس کے ہمراہ نادہندگان کے خلاف کارروائی، 2 لاکھ 55 ہزار روپے کی ریکوری

چمن (سید سردار محمد خوندئی) — کیسکو چمن سب ڈویژن نے ضلع چمن پولیس کے تعاون سے بجلی کے نادہندگان اور بڑے ڈیفالٹرز کے خلاف خصوصی ریکوری مہم چلائی، جس کے دوران تقریباً 2 لاکھ 55 ہزار روپے کے بقایا واجبات وصول کیے گئے۔

کیسکو چمن واپڈا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کارروائی کا مقصد بجلی کے بلوں کی بروقت وصولی کو یقینی بنانا اور واجبات ادا نہ کرنے والے صارفین کے خلاف مؤثر اقدامات کرنا تھا۔ آپریشن کے دوران ٹاپ ڈیفالٹرز سے موقع پر ہی بقایا رقم وصول کی گئی۔

کیسکو حکام نے واضح کیا کہ بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے صارفین پر زور دیا کہ وہ اپنے بجلی کے بل مقررہ تاریخ سے قبل جمع کروائیں اور بجلی چوری جیسے غیر قانونی عمل سے اجتناب کریں تاکہ ممکنہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔

حکام کے مطابق بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی نہ صرف صارفین کی ذمہ داری ہے بلکہ اس سے بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔

کیسکو حکام نے کہا کہ بجلی کے واجبات کی بروقت وصولی اور بجلی چوری کے خاتمے سے بجلی کے نظام پر مالی دباؤ کم کرنے اور لوڈشیڈنگ میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بجلی کے نادہندگان کے خلاف ریکوری کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گی۔ حکام نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ محکمہ بجلی کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے واجبات بروقت ادا کریں۔

Related posts

Leave a Comment