امریکہ ، ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں قائد تحریک الطاف حسین کی 73 ویں سالگرہ جوش وجذبے سے منائی گئی
سالگرہ کی تقریب میں ایم کیوایم کے ذمہ داروں ، کارکنوں اور ہمدردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی
ٹیکساس (ہیوسٹن)۔۔۔17، ستمبر
ایم کیو ایم امریکہ ہیوسٹن چیپٹرکے تحت ایم کیوایم کے بانی وقائد جناب الطاف حسین کی 73 ویں سالگرہ انتہائی جوش و جذبے سے منائی گئی اورسالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ جناب الطاف حسین کی سالگرہ کی تقریب ہیوسٹن میں واقع مقامی ہال کراچی ریسٹورانٹ میں منعقد ہوئی جس میں ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان اور ہیوسٹن میں مقیم ہمدرد بزرگوں، نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت اور جناب الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کااظہارکیا۔جناب الطاف حسین کی سالگرہ کے سلسلے میں مقامی ریسٹورانٹ کو ایم کیوایم کے پرچم کے رنگوں سے بہت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا۔ جناب الطاف حسین کی سالگرہ کا کیک بھی ایم کیوایم کے پرچم کے رنگوں سے سجایاگیا تھا جس پرجناب الطاف حسین کو سالگرہ کی مبارک باد کا پیغام تحریر تھا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیاگیا۔تقریب میں موجود کارکنان اور ہمدردوں نے قائد تحریک جناب الطاف حسین بھائی کیلئے تہنیتی پیغامات و دعائیہ کلمات ادا کیے۔جناب الطاف حسین کی سالگرہ کی تقریب کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم ہیوسٹن چیپٹر کے جوائنٹ انچارج انجینئیر سید عاصم رضوی نے کہا کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین پاکستان کے مظلوم عوام کی امیدوں کا مرکز ہیں اور جناب الطاف حسین کی جدوجہد سے ہی ملک میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ نظام کا مکمل خاتمہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے محافظ ، جناب الطاف حسین کے پیغام اور غریب ومتوسط طبقہ کی قیادت کے فکروفلسفے سے خوف زدہ ہیں یہی وجہ ہے کہ جناب الطاف حسین کی تحریر، تقریر اور تصویر پر آج تک پابندی عائد ہے ۔ سی ای سی کے رکن امام الدین شہزاد نے بانی و قائد تحریک جناب الطاف حسین کو مظلوم عوام کاواحد نجات دہندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں اگر واقعی کوئی سچا عوامی لیڈر ہے تو وہ صرف الطاف حسین ہیں۔بعدازاں بانی و قائد تحریک جناب الطاف حسین بھائی کی صحت و تندرستی ، اسیر کارکنان اور شہداء حق کے کے لئیے خصوصی دعا کی گئی اور سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر کارکنان نے جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاکرجناب الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کا بھی اظہارکیا۔

