ڈپٹی کمشنر چمن اور ڈی ای او ایجوکیشن چمن کا سرکاری اسکولوں پر اچانک چھاپہ، غیر حاضری پر زیرو ٹالرنس

چمن( سید سردار محمد خوندئی )
ڈپٹی کمشنر چمن جناب حبیب احمد بنگلزئی نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالقدوس خان اچکزئی کے ہمراہ ضلع بھر میں تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ مہم کے تحت مختلف سرکاری اسکولوں کا اچانک دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مردہ کاریز، گورنمنٹ مڈل اسکول انزرگئی کاریز، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ناصر شہید اور گورنمنٹ مڈل اسکول مولوی عبداللہ ٹاؤن کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے اساتذہ و طلبہ کی حاضری رجسٹرز چیک کیے، کلاس رومز میں جا کر تدریسی عمل کا جائزہ لیا، طلبہ سے سوالات کیے اور اسکولوں میں صفائی ستھرائی، پینے کے پانی، واش رومز اور دیگر بنیادی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ
تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے، سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی سو فیصد حاضری، معیاری تدریس اور طلبہ کے لیے سازگار ماحول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بچوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ غیر حاضر اور غفلت برتنے والے اساتذہ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع چمن کے تمام تعلیمی اداروں کی اچانک چیکنگ کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ تعلیمی نظام میں بہتری اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔