اسپرنگ فیلڈ، ورجینیا میں پاکستان کے یومِ آزادی کی پروقار تقریب، پاکستانی امریکن کمیونٹی کی بھرپور شرکت
مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات ایک پلیٹ فارم پر جمع، قومی یکجہتی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار
رپورٹ: عاصم صدیقی — واشنگٹن
اسپرنگ فیلڈ، ورجینیا: پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیرِ اہتمام ایک مقامی ریسٹورنٹ میں جشنِ آزادی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے اسٹیج سیکریٹری ارشد عباسی تھے، جبکہ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت میاں قیصر نے حاصل کی۔ مقررین میں ظریف خان، نوید احمد، عاصم صدیقی، اسد چوہدری، سجاد بلوچ، فیض الرحمن، اظہار خان اور شہزاد چوہدری سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔ مقررین نے پاکستان کے موجودہ حالات، قومی یکجہتی اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تقریب کی صدارت شہزاد چوہدری نے کی جبکہ معید حسین شاہ مہمانِ خصوصی تھے۔ اسد چوہدری نے پاکستان کے موجودہ حالات اور امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے معاملات پر روشنی ڈالی، جبکہ شہزاد چوہدری نے پاکستان کے ماضی اور قومی تاریخ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔ مہمانِ خصوصی نے پاکستان کے مشکل ادوار، قائداعظم محمد علی جناح اور تحریکِ پاکستان سے وابستہ شخصیات کی جدوجہد کا ذکر کیا۔
تقریب کی سب سے نمایاں بات مختلف سیاسی جماعتوں اور نظریات سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت تھی۔ شرکاء نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود اوورسیز پاکستانی ایک مرتبہ پھر قومی مواقع، خصوصاً یومِ آزادی، پر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو رہے ہیں۔ اسے پاکستانی امریکن کمیونٹی میں بڑھتی ہوئی سیاسی تقسیم کو کم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کے یومِ آزادی اور امریکہ کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔



