کوئٹہ۔ زیارت قومی شاہراہ پر دہشت گردوں کے پے در پے حملے، درجن سے زائد دہشت گرد ہلاک، متعدد سیکیورٹی اہلکار شہید، شاہراہ ٹریفک کے لیے بند
کوئٹہ ( سید سردار محمد خوندئی )
کوئٹہ اور زیارت کے درمیان قومی شاہراہ پر سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے جہاں دہشت گردوں نے مختلف مقامات پر یکے بعد دیگرے حملے کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت قومی شاہراہ پر کچھ موڑ کے قریب ایف سی دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔ حملے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دونوں اطراف کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی اور کلیئرنس آپریشن کے دوران درجن سے زائد دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے متعدد سیکیورٹی اہلکار شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے اور ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر بھاری نفری روانہ کر دی گئی ہے اور سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب اسی شاہراہ پر دہشت گردوں نے اسسٹنٹ کمشنر ہرنائی کے اسکواڈ کو بھی نشانہ بنایا، جس پر فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے، جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسی دوران غوڑگئی کے مقام پر دہشت گردوں نے زیارت۔ کوئٹہ قومی شاہراہ پر تعمیراتی کام میں مصروف کمپنی کے کیمپ پر حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے کیمپ میں موجود تمام بھاری مشینری کو آگ لگا کر خاکستر کر دیا جبکہ کمپنی کے دو اہلکاروں کو اغوا کر کے پہاڑوں کی جانب لے گئے۔
سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے کوئٹہ۔ زیارت قومی شاہراہ کو دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔


