محفلِ نعت میں سیرتِ نبوی ﷺ اور خصوصی افراد کے حقوق پر زور

اٹک سے بیورو چیف اعجازالحسن کی رپورٹ

اٹک: جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں ایک روح پرور محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ، بلدیہ کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور خصوصی افراد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے، جبکہ مقررین نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

محفل سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اٹک انیل سعید اور حضرت علامہ مولانا شاہد رضا مدنی نے خصوصی افراد کے حوالے سے اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حضور سرورِ کونین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ اور مشعلِ راہ ہے۔

مقررین نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اٹک انیل سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ ہمیں محبت، اخوت، مساوات، صبر، برداشت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ میلادالنبی ﷺ کی تقریبات کو صرف روایتی انداز تک محدود رکھنے کے بجائے حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔

اس موقع پر چیف آفیسر بلدیہ اٹک سردار آفتاب احمد خان، پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی بیرسٹر ملک اذان اعوان، ہیڈ کلرک راجہ زاہد حسین اور نقیبِ محفل ساجد محمود قادری بھی موجود تھے۔

مقررین نے کہا کہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ منانے کا حقیقی مقصد حضور اکرم ﷺ کی سیرت اور تعلیمات کو عام کرنا ہے۔ انہوں نے خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔