کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی) — چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے انتظامی امور، خالی آسامیوں پر بھرتیوں، سرکاری محکموں کی ڈیجیٹلائزیشن اور سرکاری گاڑیوں کے استعمال سمیت مختلف اہم معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے کہا کہ عوامی خدمت ہر سرکاری محکمے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انتظامی کارکردگی کا اصل معیار عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کے مسائل کا بروقت حل ہے۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو محض دفتری کارروائی نہ سمجھا جائے بلکہ ان کے عملی اور فوری حل کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے تمام انتظامی سطحوں پر ذمہ داری، شفافیت اور احتساب یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کو عوامی سہولت کے لیے اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی تاکہ شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔
شکیل قادر خان نے تمام سرکاری محکموں میں ڈیجیٹل نظام کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فائلوں کی نقل و حرکت اور سرکاری امور کی تکمیل میں تیزی لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے دفتری معاملات میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے اور عوام کو بروقت اور آسان خدمات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام محکمے مرحلہ وار اپنے روایتی دفتری نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کریں تاکہ انتظامی کارکردگی اور شفافیت میں بہتری لائی جا سکے۔
چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ سرکاری وسائل عوام کی امانت ہیں اور ان کا استعمال قواعد و ضوابط اور عوامی ضروریات کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کا معیار بہتر بنانے پر زور دیا۔ سرکاری گاڑیوں سمیت تمام سرکاری سہولیات کا استعمال بھی متعلقہ قواعد کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں خالی سرکاری آسامیوں پر بھرتیوں کے عمل میں مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
شکیل قادر خان نے کہا کہ بھرتیوں میں میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اہمیت دی جائے اور اہل و مستحق امیدواروں کو ان کا جائز حق دیا جائے۔
انہوں نے متعلقہ قواعد و ضوابط پر عمل درآمد اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ بھرتیوں کے عمل پر امیدواروں اور عوام کا اعتماد مضبوط ہو۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ انتظامی اصلاحات، ڈیجیٹل نظام کے فروغ، وسائل کے مؤثر استعمال اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
