چمن: کالج روڈ قتل کیس کا ڈراپ سین، قاتل مقتول کا اپنا بھتیجا نکلا، آلہ قتل سمیت گرفتار، اعتراف جرم کر لیا
چمن (سید سردار محمد خوندئی) گزشتہ روز چمن کالج روڈ پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکن نظر محمد کو فائرنگ کے ایک واقعے میں شہید کر دیا گیا تھا۔
اس المناک واقعے کے خلاف چمن کی مختلف سیاسی جماعتوں نے مقتول کی لاش ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کے سامنے رکھ کر دھرنا دیا تھا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے دھرنا شرکاء سے مذاکرات کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی تھی کہ قاتلوں کو ہر صورت میں گرفتار کیا جائے گا۔
پیر کی شام ڈپٹی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چمن عبدالجبار اچکزئی نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ واقعے کے بعد ایس پی ضلع چمن اعتزاز عارف نے اشفاق احمد کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔ پولیس نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزم قدرت اللہ کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
عبدالجبار اچکزئی نے مزید بتایا کہ گرفتار قاتل مقتول کا اپنا بھتیجا ہے اور ملزم نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پریس کانفرنس کے موقع پر انسپکٹر جہانگیر خان کاکڑ اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے ضلع چمن پولیس نے جرائم اور منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر رکھا ہے۔