کیتھولک کیتھیڈرل فیصل آباد میں 24ویں اتوار کی پاک ماس، بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت کی قیادت میں خصوصی دعائیں، ساتویں اسقفی سالگرہ کی تقریب بھی منعقد
## امن و سلامتی، ملکی ترقی و خوشحالی اور بیماروں کی صحت یابی کے لیے دعائیں، مسیحی رہنماؤں کا بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت کی کلیسا و معاشرے کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین
فیصل آباد(میاں افتخار احمد ) کیتھولک کیتھیڈرل فیصل آباد میں 24ویں اتوار کے موقع پر بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت کی قیادت میں پاک ماس کی اقدس قربانی گزرای گئی، جس میں بڑی تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔ اس روحانی اجتماع میں وکر جنرل فادر عابد تنویر نے معاونت کی۔ پاک ماس کے دوران ملک میں امن و سلامتی، ترقی و خوشحالی، بین المذاہب ہم آہنگی اور بیماروں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جبکہ پاکستان کی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔
پاک ماس کے اختتام پر بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت کی ساتویں اسقفی سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر مومنین نے بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت سے ملاقات کی، انہیں اسقفی سالگرہ کی دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی صحت، درازی عمر اور کلیسا و معاشرے کے لیے خدمات کے تسلسل کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وکر جنرل فادر عابد تنویر، بابو گلفام عاشق، عدیل فراز، مس شبانہ اور دیگر مسیحی رہنماؤں نے بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت کی کلیسا، مسیحی برادری اور معاشرے کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے مذہبی ہم آہنگی، امن، محبت اور انسانی خدمت کے فروغ کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت کو ساتویں اسقفی سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔