پاکستان ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں 11ویں نمبر پر — 20 سال کی بہترین پوزیشن
17 گول، 16 سال بعد ورلڈ کپ میں فتح — پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے نئی امید
تحریر: عاصم صدیقی | کیپیٹل ٹی وی واشنگٹن
پاکستان نے ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں 11ویں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گزشتہ 20 سال کی اپنی بہترین ورلڈ کپ پوزیشن حاصل کی۔ آٹھ سال بعد عالمی کپ میں واپس آنے والی قومی ٹیم نے چھ میچوں میں 17 گول کیے، دو میچ جیتے، ایک برابر کھیلا اور تین میں شکست ہوئی۔
پاکستان کے لیے سب سے یادگار لمحہ جاپان کے خلاف 2-0 سے پیچھے رہنے کے بعد 4-3 کی شاندار فتح تھی، جس کے ساتھ 16 سال بعد ورلڈ کپ میں کامیابی کا انتظار ختم ہوا۔ آخری پوزیشن میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 4-4 سے برابر رہنے کے بعد شوٹ آؤٹ میں 4-3 سے کامیابی حاصل کی۔
حنان شاہد چار گول کے ساتھ پاکستان کے ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ افراز، رانا وحید اشرف اور سفیان خان نے تین، تین گول کیے۔
چار مرتبہ کا عالمی چیمپئن پاکستان یقیناً 11ویں پوزیشن سے مطمئن نہیں ہوسکتا، لیکن نوجوان کھلاڑیوں نے ثابت کیا کہ ٹیلنٹ اور فائٹنگ اسپرٹ آج بھی موجود ہے۔ اب ضرورت میرٹ، جدید کوچنگ، بہتر فٹنس، بین الاقوامی تجربے اور تسلسل کی ہے۔
11ویں پوزیشن منزل نہیں، لیکن پاکستان ہاکی کی واپسی کے سفر کی ایک نئی شروعات ضرور بن سکتی ہے۔

