فلک پر دوستی، زمین پر اضطراب — پاکستانی خلاباز اور پاک چین خلائی تعاون

فلک پردوستی،زمیں پراضطراب

سمیع اللہ ملک

گزشتہ شب ایک دیرینہ آرزوکی تکمیل ہوئی۔برسوں کی تمنّاکے بعدخواب میں حکیم الامت حضرت علامہ محمداقبالؒ کی زیارت نصیب ہوئی۔عجب روح پرور منظر تھاکہ میں ان کی انگلی تھامے،ہرخوف اوراندیشے سے بے نیاز،خلاؤں کی بے کراں وسعتوں میں محوِپروازتھا۔نہ بلندیوں کاخوف تھا،نہ نامعلوم جہانوں کی

وحشت  ؛  بس ایک اطمینانِ قلب تھااورجستجو کی ایک بے پایاں لذت۔

مکمل پڑھنے کیلئے کنج مخفف کو چھوئیں:

فلک پردوستی،زمیں پراضطراب

اس خواب کاسب سے معنی خیزپہلویہ تھاکہ میری اس پروازکاآغازتعمیرِنوٹرسٹ کوئٹہ کے اسی ہال سے ہواجہاں گزشتہ برس علامہ اقبالؒ کے افکاروتعلیمات پر عالمی کانفرنس کاانعقادہواتھا۔اسی علمی وتربیتی گلستان میں آج بھی ہزاروں بچے اوربچیاں اقبالؒ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنے اوروطنِ عزیزکے تابناک مستقبل کی تعمیرکیلئےشب وروزمحنت ومشقت میں مصروف ہیں۔مگردل میں ایک خلش بھی ہے کہ بدقسمتی سے سرکاری سطح پرنجانے کیوں اس عظیم علمی،فکری اورقومی مشن سے چشم پوشی کی جارہی ہے،حالاںکہ یہی وہ چراغ ہیں جن کی روشنی سے اقبالؒ کے خوابوں کاپاکستان منورہوسکتاہے۔

صبح آنکھ کھلی توخواب کی سرشاری ابھی باقی تھی۔ایک طرف خلاؤں میں اقبالؒ کی انگلی تھامے اپنی پروازکاتصورتھااور دوسری طرف پاکستانی خلابازمحمدذیشان علی کی خلائی سفرمیں تاریخی پیش رفت۔یوں محسوس ہواجیسے خواب اورحقیقت کے درمیان اقبالؒ کی صدائے جستجو ایک معنوی پُل بن گئی ہو۔

ستاروں سے آگے جہاں اوربھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اوربھی ہیں

یہی خواب، یہی احساس اوریہی فکری وروحانی کیفیت زیرِنظرمضمون کی محرک بنی۔

تاریخِ عالم میں بعض واقعات محض تقویم کے اوراق پرثبت ہونے کیلئےرونمانہیں ہوتے بلکہ وہ اپنے عہدکے سیاسی شعور، تہذیبی ارتقااوراقوام کے اجتماعی مستقبل کی سمت متعین کرنے کاوسیلہ بھی بن جاتے ہیں۔بظاہرایک مختصرساواقعہ اپنے دامن میں صدیوں کی آرزوئیں،نسلوں کی تمنائیں اورمستقبل کے ان گنت امکانات سمیٹے ہوئے ہوتاہے۔پھرجب مورخ ماضی کے دریچوں سے ان واقعات کاجائزہ لیتاہے تواسے احساس ہوتاہے کہ تاریخ کے نئے ابواب کاآغاز دراصل انہی غیرمعمولی لمحات سے ہواتھا۔

پاکستان کے پہلے خلابازمحمدذیشان علی کاچین کے خلائی مشن شینژو24کے ہمراہ تیانگونگ خلائی اسٹیشن میں داخل ہونابھی تاریخ کاایساہی ایک تابندہ باب ہے،جس کی معنویت محض سائنسی کامیابی تک محدودنہیں۔یہ ایک قوم کی جستجو،دوریاستوں کے باہمی اعتماد،بدلتے ہوئے عالمی نظام اورعلم وتحقیق کی بنیادپراستوارہونے والی ایک نئی سفارتکاری کامظہربھی ہے۔پاک چین دوستی کی داستان،جسے کبھی کوہ ہمالیہ کی رفعتوں،سمندروں کی گہرائیوں اورشہد کی شیرینی سے تعبیرکیاجاتاتھا، آج ایک ایسی منزل تک پہنچ گئی ہے جہاں زمینی استعارے اس کی وسعت بیان کرنے سے قاصردکھائی دیتے ہیں۔زمین کی سرحدوں سے شروع ہونے والااعتماد کا یہ سفراب فضائے بسیط کی پہنائیوں میں داخل ہوچکاہے۔

لیکن اس تاریخی پیش رفت کاسب سے دلنشیں منظروہ تھاجب ایک پاکستانی خلابازنے زمین سے سیکڑوں کلومیٹرکی بلندی پر، ایک چینی خلائی اسٹیشن میں کھڑے ہوکر،اپنی قومی شناخت اورفکری وراثت کااظہارحکیم الامت علامہ محمداقبالؒ کے اس شعرسے کیا:

ستاروں سے آگے جہاں اوربھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اوربھی ہیں

گویااقبالؒ کاشاہین تصورکی بلندپروازی سے نکل کرتسخیرِکائنات کی ایک عملی منزل تک پہنچ گیاہو۔

شینژو24کے تینوں خلابازوں نے بدھ کے روزخلائی اسٹیشن میں منعقد ہونے والی ایک مختصرتقریب میں باری باری اپنے جذبات کااظہارکیا۔محمدذیشان علی نے پہلے پاکستانی خلابازکی حیثیت سے خلامیں پہنچنے اورچینی خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے پراپنی بے پناہ مسرت کااظہارکیا۔تاہم اس تقریب کوتاریخی اورتہذیبی معنویت اس وقت حاصل ہوئی جب انہوں نے اقبالؒ کا شعرپڑھنے کے بعداپنے چینی رفقاکواس کاچینی ترجمہ بھی سنایا،جس پرانہیں بھرپوردادملی۔یہ محض ایک شعرکی قرأت نہ تھی بلکہ ایک تہذیب کاتعارف،ایک قومی فکرکی ترجمانی اورایک فلسفۂ حیات کااظہارتھا۔اقبالؒ کے نزدیک کائنات کوئی جامداوربے روح منظر نامہ نہیں بلکہ امکانات کاایک بحرِبے کراں ہے،جس کی وسعتوں کوسمجھنااور اس کے اسرارسے پردہ اٹھاناانسان کی فکری عظمت کامظہرہے۔

قرآن حکیم نے بھی انسان کومظاہرِکائنات میں غوروفکرکی دعوت دیتے ہوئے فرمایا:

وَيَتَفَكَّرُونَ فِي خَلْقِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ

یعنی وہ آسمانوں اورزمین کی تخلیق میں غوروفکرکرتے ہیں۔(آل عمران:191)

اقبالؒ کافلسفۂ خودی اسی قرآنی دعوتِ تفکرکاایک تابناک فکری اظہارہے۔ان کے نزدیک انسان کی عظمت محض اس کی موجودگی میں نہیں بلکہ اس کی مسلسل جستجو،تخلیقی قوت اورتسخیرِفطرت کی صلاحیت میں پوشیدہ ہے۔

محمدذیشان علی نے خلائی اسٹیشن میں اقبالؒ کاشعرپڑھ کرگویااہلِ پاکستان کویاددلایاکہ ہماری فکری میراث میں بلندپروازی کا درس توموجودہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے علم،تحقیق اورعمل کے سانچے میں ڈھالاجائے۔

بین الاقوامی تعلقات کی تاریخ گواہ ہے کہ ریاستوں کے مابین دوستی کے دعوے کرناآسان،مگربدلتے ہوئے عالمی حالات میں ان تعلقات کی پاسداری کرنا دشوارہوتاہے۔مفادات کی گردش،طاقت کے بدلتے ہوئے مراکزاورسیاسی ترجیحات کی تبدیلی اکثردیرینہ تعلقات کوبھی مصلحتوں کی بھینٹ چڑھادیتی ہے۔

اس تناظرمیں پاک چین تعلقات کاخلائی تحقیق تک وسعت اختیارکرناخصوصی اہمیت رکھتاہے۔

چینی ذرائع ابلاغ نے پاکستانی خلابازکے سفرکوچھ عشروں کی اٹوٹ دوستی کاسفرقراردیاہے۔گویاشینژو24اپنے ساتھ محض تین خلابازوں کونہیں بلکہ دوریاستوں کے درمیان کئی دہائیوں سے پروان چڑھنے والے اعتماداوراشتراک کی ایک داستان بھی لیکر روانہ ہوا۔چینی امورکے بھارتی ماہرنے بھی اس حقیقت کی جانب توجہ دلائی ہے کہ چین اورپاکستان برسوں سے اپنی دوستی کوشاعرانہ استعاروں میں بیان کرتے آئے ہیں،لیکن اب یہ اشتراک زمین سے بلندہوکرخلامیں پہنچ رہاہے۔ اس اعتراف کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ یہ محض کسی پاکستانی یاچینی مبصرکااظہارِ مسرت نہیں بلکہ ایک بھارتی تزویراتی امورکےماہرکا تجزیہ ہے۔

خلائی تحقیق جدیددنیاکے ان حساس ترین شعبوں میں شمارہوتی ہے جہاں تکنیکی مہارت کے ساتھ قومی سلامتی،ریاستی ترجیحات اوراعلیٰ سائنسی استعدادکے معاملات بھی وابستہ ہوتے ہیں۔ایسے شعبے میں پاکستان کی شمولیت باہمی اعتماد کی ایک غیرمعمولی علامت ہے،اگرچہ اسے چین کی تمام حساس ٹیکنالوجی تک پاکستان کی غیرمحدودرسائی سے تعبیرکرناقبل ازوقت ہوگا۔

پاکستانی خلابازکے تاریخی سفرنے بھارتی ذرائع ابلاغ،سیاسی حلقوں اورتزویراتی ماہرین کوبھی ایک نئی بحث میں مبتلاکردیا ہے۔بھارت کے بڑے اخبارات، ٹیلی

وژن چینلوں اوربرقی ذرائع ابلاغ نے اس پیش رفت کونمایاں اہمیت دی ہے۔بھارتی ٹیلی وژن چینل’این ڈی ٹی وی‘نے اسے ایک بڑاسفارتی اشارہ قراردیتے ہوئے لکھاکہ اگرچہ پاکستان نے اپنے وسائل سے کسی انسان کو خلامیں بھیجنے کامستقل پروگرام ترتیب نہیں دیا،تاہم شینژو24مشن پاکستان کیلئےتاریخی اہمیت رکھتاہے۔چینل کے مطابق پاکستانی خلابازکاتیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچنامحض ایک سائنسی واقعہ نہیں بلکہ ایک سیاسی بیان،سفارتی اشارہ اوردنیاکے سامنے پاک چین تزویراتی شراکت داری کانمایاں اظہارہے۔

اس تجزیے میں ایک اہم حقیقت پوشیدہ ہے۔عصرِحاضرکی سفارتکاری محض سفارت خانوں،مشترکہ اعلامیوں اورسربراہی ملاقاتوں تک محدودنہیں رہی۔ سائنسی اشتراک،تکنیکی معاونت،تحقیقی منصوبے اورانسانی وسائل کی تربیت بھی ریاستوں کے عالمی تعلقات کی تشکیل میں بنیادی کرداراداکررہے ہیں۔جہاں ماضی میں اقوام اپنی قربت کااظہارسیاسی معاہدوں سےکرتی تھیں ،وہاں آج مشترکہ خلائی منصوبے باہمی اعتمادکے نئے پیمانے بن رہے ہیں۔

تاہم بھارتی ذرائع ابلاغ کے تمام حلقوں نے یکساں رویہ اختیارنہیں کیا۔دائیں بازوکی جانب جھکاؤ رکھنے والے بھارتی چینل ’ٹائمزناؤ‘نے طنزیہ اندازمیں پاکستانی خلابازکوچین کی پشت پرسوارہوکرخلامیں پہنچنے والاپہلاپاکستانی قراردیا۔اس نے یہ موازنہ بھی پیش کیاکہ چینی خلابازتقریباًچھ ماہ خلائی اسٹیشن پرقیام کرتے ہیں، جبکہ پاکستانی خلابازکایہ سفر صرف ایک ہفتے پرمحیط ہوگالیکن سائنسی تاریخ کامطالعہ بتاتاہے کہ کسی نئے شعبے میں داخل ہونے والی قوم کیلئےاولین قدم کی اہمیت اس کی مدت سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ایک ہفتے کاتحقیقی تجربہ بھی،اگراسے قومی اداروں اورعلمی منصوبوں میں منتقل کردیاجائے، مستقبل کی کئی دہائیوں کیلئے بنیادفراہم کرسکتاہے۔البتہ پاکستان کواس حقیقت سے غافل نہیں ہوناچاہیے کہ کسی دوست ملک کے تعاون سے حاصل ہونے والی کامیابی اوراپنی مستقل تکنیکی خودکفالت کے درمیان ایک طویل فاصلہ موجودہے،جسے علم،محنت اورمسلسل سرمایہ کاری سے طےکرناہوگا۔

پاک چین خلائی تعاون پربھارت میں یہ بحث ایک ایسے وقت میں ہورہی ہے جب بھارتی خلائی تحقیق کے ادارے’اسرو‘کوبھی بعض انتظامی اورادارہ جاتی خدشات  کاسامناہے۔رپورٹ کے مطابق اسروسے وابستہ سائنسدانوں اورملازمین نے ادارے کی ممکنہ نجکاری،راکٹ سازی اورمتعلقہ سرگرمیوں کی نجی کمپنیوں کومنتقلی اوراپنے پیشہ ورانہ مستقبل کے حوالے سے ادارے کے سربراہ سے باضابطہ تحریری وضاحت طلب کی ہے۔

بھارتی سماجی ذرائع ابلاغ میں جاری بحث کے دوران پاک چین خلائی اشتراک کے پانچ اہم پہلونمایاں کیے گئے ہیں،جوجنوبی ایشیاکے مستقبل کی علمی،سیاسی اورتزویراتی سمت کوسمجھنے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

٭اول،چین پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ تزویراتی شراکت داری کوجدیدخلائی ٹیکنالوجی کے شعبے تک وسعت دے رہاہے۔اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں علمی اورتکنیکی اشتراک کی ایک نئی جہت شامل ہورہی ہے۔

٭دوم،پاکستان کوچینی خلائی نظام،خلابازی کی تربیت،متعلقہ مہارتوں اورسائنسی تحقیق کےعملی تجربات سے استفادے کاموقع میسرآرہاہے۔یہ تجربہ پاکستان میں مستقبل کے خلابازوں اورسائنسدانوں کی تربیت کیلئےسودمندہوسکتاہے۔

٭سوم،خلائی ٹیکنالوجی کی دوہری افادیت کونظراندازنہیں کیاجاسکتا۔سمت شناسی،مواصلات اورسراغ رسانی جیسے شعبوں میں مصنوعی سیاروں کااستعمال شہری اوردفاعی،دونوں نوعیت کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتاہے۔

٭چہارم،چین خلائی سفارتکاری کے ذریعے اپنے عالمی اثرورسوخ میں اضافے اوربین الاقوامی سائنسی شراکت داریوں کے فروغ کاخواہاں دکھائی دیتاہے۔

٭پنجم،اس پیشرفت نے بھارت میں اپنے خلائی پروگرام کی رفتاربڑھانے،اسروکومضبوط بنانے اوردوسرے ممالک کے ساتھ علمی وتحقیقی تعاون کووسعت

دینے کی ضرورت پربحث کوتقویت دی ہے۔

یہ پانچوں پہلواس حقیقت کے غمازہیں کہ اکیسویں صدی میں خلامحض سائنس دانوں کی تجربہ گاہ نہیں رہابلکہ عالمی سیاست، معیشت،قومی سلامتی اورسفارت کاری کاایک اہم میدان بن چکاہے۔

بھارتی خبررساں ادارے’دی پرنٹ‘نے اس بحث کوایک اورجہت دیتے ہوئے دعویٰ کیاہے کہ چین اورپاکستان مصنوعی سیاروں کاایک مربوط نظام تشکیل دے رہے ہیں،جوبھارتی علاقوں کی مستقل نگرانی کی صلاحیت رکھ سکتاہے۔اس رپورٹ میں مصنوعی سیاروں کی نقل وحرکت پرنظررکھنے والی کمپنی’دیگانتر‘کی تحقیق کاحوالہ دیتے ہوئے یہ دعویٰ بھی کیاگیاہے کہ پاک چین مصنوعی سیاروں کااشتراک بھارتی سرزمین پرچوبیس گھنٹے نظررکھ رہاہے۔تاہم تحقیق ودیانت کاتقاضا ہے  کہ ان دعوؤں کو بھارتی اداروں سے منسوب اطلاعات ہی کے طورپر دیکھاجائے،نہ کہ آزادانہ طورپر ثابت شدہ حقائق کے طورپرکیونکہ گودی میڈیادنیا بھر میں بے نقاب ہوچکاہے۔اس کے باوجودیہ بحث واضح کرتی ہے کہ جدید خلائی استعدادنے قومی سلامتی کے روایتی تصورات میں بنیادی تبدیلی پیداکر دی ہے۔ زمین پرموجودریاستوں کے مفادات اب فضااورخلامیں قائم مواصلاتی اور مشاہداتی نظاموں سے بھی وابستہ ہیں۔

مصنوعی سیاروں کی افادیت صرف دفاعی معاملات تک محدودنہیں۔قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع،زرعی منصوبہ بندی، موسمیاتی تبدیلیوں کامطالعہ،آبی وسائل کی نگرانی اورشہری ترقی بھی اس ٹیکنالوجی سے استفادے کے اہم میدان ہیں۔پاکستان کیلئےدانشمندی کاراستہ یہ ہوگاکہ وہ خلائی تحقیق کومحض علاقائی مسابقت کاوسیلہ بنانے کی بجائے قومی ترقی کے ایک ہمہ گیرمنصوبے میں تبدیل کرے۔

بھارتی حزبِ اختلاف کی جماعت کانگریس کے ترجمان نے بھی پاکستانی خلابازکی چینی خلائی پروگرام میں شمولیت کو خصوصی اہمیت کاحامل قراردیاہے۔ان کے مطابق چین عموماًاپنی جدیدتکنیکی استعداددوسرے ممالک کے ساتھ بانٹنے میں احتیاط برتتاہے،اس لیے پاکستانی خلابازکی شمولیت اس عمومی طرزِعمل سے ایک اہم انحراف ہے۔انہوں نے اس امرکی جانب بھی توجہ دلائی کہ پاکستان ایشیاپیسیفک خلائی تعاون تنظیم کے ایک منصوبے کاحصہ ہے،جس کے تحت ایران اورپیروکے ساتھ پاکستان میں بھی ایک مشاہداتی مرکزقائم ہے۔ان کے نزدیک بھارتی حکومت کوان پیش رفتوں پرفوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ایک بھارتی صحافی نے بھی اپنے تجزیے میں پاک چین تعاون کووسیع ترعالمی سیاسی تناظرمیں دیکھتے ہوئےامریکاکے چین کے ساتھ نسبتاًنرم رویے اورپاکستان کے ساتھ برقرارروابط کاذکرکیاہے۔ان کے خیال میں بھارت ایسے حالات میں پاکستان اور چین کے بڑھتے ہوئے علمی وتکنیکی اشتراک کونظراندازکرنے کامتحمل نہیں ہوسکتا۔یہ آرابہرحال متعلقہ مبصرین کے سیاسی تجزیات ہیں،لیکن ان سے اندازہ ہوتاہے کہ پاکستانی خلابازکاسفرعالمی طاقتوں کے بدلتے ہوئے تعلقات کے حوالے سے بھی زیرِبحث آرہاہے۔

محمدذیشان علی کاخلائی سفرکسی اچانک نمودارہونے والی کامیابی کانام نہیں بلکہ پاکستان اورچین کے درمیان بتدریج ترقی پانے والے خلائی تعاون کی ایک نئی منزل ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی میں’آئی کیوب قمر‘پر کام کرنے والی ٹیم کے مطابق پاکستان گزشتہ چندبرسوں سے چین کے اشتراک سے مصنوعی سیاروں کی تیاری اورانہیں خلامیں روانہ کرنے کے منصوبوں پرکام کررہاہے۔2024میں پاکستان نےچین کے خلائی مشن’چانگ ای6‘کی معاونت سے اپنا’آئی کیوب قمر‘مصنوعی سیارہ چاند کےمدارکی جانب روانہ کیاتھا۔اس کامیابی کےنتیجے میں پاکستان چاندکےمدارمیں مصنوعی سیارہ بھیجنے والاچھٹا ملک قرارپایاہے۔اس کامیابی کی اہمیت محض ایک مصنوعی سیارے کی روانگی میں نہیں تھی بلکہ پاکستانی نوجوانوں میں سائنسی جستجواورخلائی تحقیق کے بارے میں پیداہونے والی دلچسپی

میں بھی تھی۔تاہم ماہرین خلاکوانسانی جستجو کی آخری سرحد قراردے رہے ہیں۔ان کے مطابق پاکستانی خلابازکی روانگی اوروہاں سائنسی تجربات کرناپاکستان کے

طویل مدتی خلائی پروگرام کاحصہ ہے،جس کامقصد اس میدان میں اپنی موجودگی مستحکم کرناہے۔

ان کے نزدیک محمدذیشان علی کاتقریباًایک ہفتے کاخلائی قیام نہایت قیمتی ثابت ہوگا۔وطن واپسی پروہ اپنے تجربات دوسرے پاکستانی خلانوردوں تک منتقل کریں گے،جس سے مستقبل کی تربیت اورتحقیق کوفائدہ پہنچ سکتاہے۔یادرہے کہ آئندہ برس پاکستان کی ایک خلائی گاڑی کےچاندپراترنے کے منصوبہ بھی تیارہے۔ اگریہ منصوبہ طے شدہ اہداف کے مطابق پایۂ تکمیل تک پہنچتاہے توپاکستان کے خلائی سفرمیں ایک اوراہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔دراصل گزشتہ برس پاکستان اوربھارت کے درمیان چارروزہ تصادم کے بعدپاکستانی حکومت نے خلائی تحقیق کے شعبے کیلئےمالی وسائل میں اضافہ کیا۔

ان کے نزدیک موجودہ سیاسی حالات میں ملکی سالمیت اورخودمختاری کے تحفظ کیلئےخلائی ٹیکنالوجی،مصنوعی ذہانت اور نیم موصل برقی چپوں کی ڈیزائننگ جیسے شعبوں میں ترقی ناگزیرہوچکی ہے۔یہ نقطۂ نظرعصرِحاضرکی ایک اہم حقیقت کی نشاندہی کرتاہے۔قومی خودمختاری صرف جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کانام نہیں رہی؛اس کاگہراتعلق علمی خودمختاری، مواصلاتی آزادی،تکنیکی استعداداورمعلوماتی وسائل پراختیار سے بھی ہے۔جوقومیں علم کی تخلیق کے بجائے ہمیشہ دوسری اقوام کی علمی پیداوارکی محتاج رہتی ہیں،ان کی سیاسی اورمعاشی آزادی بھی مختلف نوعیت کی وابستگیوں کاشکارہوسکتی ہے۔

لہٰذا پاکستان کیلئےضروری ہے کہ خلائی تحقیق کیلئےمالی وسائل میں اضافہ وقتی ردعمل تک محدود نہ رہے بلکہ ایک مستقل قومی پالیسی کی صورت اختیارکرے۔ جامعات،تحقیقی اداروں اورصنعتی شعبے کے درمیان ایسااشتراک قائم کیاجائے جس کے نتیجے میں پاکستان بتدریج تکنیکی خودکفالت کی منزل کی جانب بڑھ سکے ۔ اس تاریخی پیش رفت کاایک اہم پہلوخودچین کے مستقبل کےعزائم بھی ہیں۔چینی سرکاری اخبار’گلوبل ٹائمز‘کے مطابق چین مستقبل میں دیگرممالک کے خلابازوں کے ساتھ بھی ایسے مشترکہ مشنزکاارادہ رکھتاہے۔پاکستانی خلانوردوں کی تربیت کیلئےتیارکیاجانے والانصابی موادآئندہ دوسرے ممالک کے خلابازوں کی تربیت میں بھی استعمال کیاجائے گا۔

یہ خلائی سفرپاکستان کے تجربے کوچین کے مستقبل کے بین الاقوامی انسانی خلائی تعاون میں ایک ابتدائی نمونے کی حیثیت عطاکرتا ہے۔چین کے سرکاری نشریاتی ادارے’سی سی ٹی وی‘کے مطابق شینژو24کے مشن میں مشترکہ خلائی سائنسی تجربات اور تجرباتی نمونوں اور آلات کی تنصیب بھی شامل ہے۔مجموعی طورپر اس  مشن کے دوران تقریباًنوّے سائنسی تجربات اورتحقیقی منصوبے انجام دینے کی توقع ہے۔ان میں خلائی حیاتیات،خلائی مواد،انتہائی کم کششِ ثقل میں مادّوں کے رویوں کامطالعہ، بنیادی طبیعیات،خلائی طب اورجدیدخلائی ٹیکنالوجی سے متعلق تحقیقات شامل ہیں۔یہ تقریباًنوّے تجربات مجموعی چینی مشن کا حصہ ہیں۔ چین کیلئےاس نوعیت کے منصوبے جہاں سائنسی ترقی کاوسیلہ ہیں،وہیں بین الاقوامی سطح پراپنی علمی استعداداور سفارتی اثرورسوخ کے اظہارکاذریعہ بھی بن سکتے ہیں۔پاکستان کیلئےاصل موقع یہ ہے کہ وہ اس اشتراک سے حاصل ہونے والے علمی ثمرات کواپنی قومی ترقی کامستقل اثاثہ بناسکے۔

محمد ذیشان علی کے سفرکاشایدسب سے دیرپااثرپاکستان کی نئی نسل کے ذہنوں پرمرتب ہو۔کسی قوم کی تقدیراس وقت بدلنے لگتی ہے جب اس کے بچوں کے خواب بدلنے لگتے ہیں۔جب ان کی نگاہیں محدودمعاشرتی دائروں سے نکل کرعلم کی وسعتوں کااحاطہ کرنے لگتی ہیں،جب تجربہ گاہیں ان کی دلچسپی کامرکزبنتی ہیں اورجب کتاب محض امتحان پاس کرنے کاوسیلہ نہیں بلکہ اسرارِکائنات تک پہنچنے کی کلیدبن جاتی ہے۔

پاکستان کے کسی دورافتادہ گاؤں میں بیٹھاہواایک طالب علم جب اپنے ہم وطن کوخلائی اسٹیشن میں اقبالؒ کاشعرپڑھتے دیکھے گاتوممکن ہے اس کے دل میں بھی یہ

سوال پیداہوکہ اگرایک پاکستانی وہاں پہنچ سکتاہے تووہ خودکیوں نہیں؟یہی سوال کسی قوم کے فکری انقلاب کانقطۂ آغازبن سکتاہے۔مگراس جذبے کومحض

جذباتی نعروں،تہنیتی پیغامات اورچندروزہ تقریبات کی نذرکر دیناہماری اجتماعی کوتاہی ہوگی۔حقیقی قومی خدمت یہ ہوگی کہ ہم اپنی نئی نسل کوجدید تجربہ گاہیں،معیاری تعلیم،تحقیقی مواقع اورتخلیقی آزادی فراہم کریں۔اقبالؒ نے اسی امکان کوکس قدرخوبصورتی سے بیان کیاتھا:

نہیں ہے ناامیداقبال اپنی کشتِ ویراں سے
ذرانم ہوتویہ مٹی بہت زرخیزہے ساقی

 

پاکستان کی مٹی کی زرخیزی کااعتراف کافی نہیں؛اس زرخیزی کوعلم وتحقیق کے آبِ حیات سے سیراب کرنابھی ہماری قومی ذمہ داری ہے۔محمد ذیشان علی کا تیانگونگ خلائی اسٹیشن تک پہنچناپاکستان کی تاریخ کاایک قابلِ فخرواقعہ،پاک چین دوستی کی وسعت کااظہاراورمستقبل کی علمی امکانات سے معموردنیاکی جانب ایک اہم قدم ہے۔لیکن تاریخ کاسبق یہ ہے کہ قومیں صرف عظیم واقعات سے عظیم نہیں بنتیں؛وہ ان واقعات سے حاصل ہونے والے مواقع کومستقل قومی ترقی میں تبدیل کرکے عظمت حاصل کرتی ہیں۔

چین نے پاکستان کیلئےخلائی تعاون کاایک اہم دروازہ کھولاہے۔اب اس دہلیزسے آگے بڑھنا،اپنی علمی بنیادوں کومضبوط کرنا اورسائنسی خودکفالت کی عمارت تعمیرکرناپاکستان کی اپنی ذمہ داری ہے۔ہماری کامیابی کاحقیقی معیاریہ ہوگاکہ آنے والے برسوں میں کتنے پاکستانی نوجوان سائنس اورتحقیق کے میدان میں قدم رکھتے ہیں،کتنی نئی تجربہ گاہیں قائم ہوتی ہیں،کتنے مصنوعی سیارے ہماری اپنی علمی استعدادسے تیارہوتے ہیں اورکب ہم اپنے مستقل انسانی خلائی پروگرام کی بنیادرکھنے کے قابل ہوتے ہیں۔

پاکستان کواس کامیابی پربجاطورپرمسرورہوناچاہیے،لیکن اس مسرت کے ساتھ احساسِ ذمہ داری بھی پیداہوناچاہیے۔جشن اگر عزم میں تبدیل نہ ہو،جذبہ اگرعمل کالباس نہ پہنے اورخواب اگرتحقیق کی بھٹی سے نہ گزرے توبڑی سے بڑی کامیابی بھی رفتہ رفتہ ماضی کی ایک خوشگواریادبن جاتی ہے۔

آج محمدذیشان علی نے خلامیں اقبالؒ کاشعرپڑھاہے۔کل پاکستان کی نئی نسل کواپنی علمی اورعملی کامیابیوں سے اس شعرکی تفسیرلکھناہوگی۔پاک چین دوستی نے زمین کی سرحدوں سے نکل کرخلاکی وسعتوں تک رسائی حاصل کرلی ہے،مگرپاکستان کی علمی خودمختاری کاسفرابھی باقی ہے۔اقبالؒ کے الفاظ میں:

قناعت نہ کرعالمِ رنگ وبوپر
چمن اوربھی،آشیاں اوربھی ہیں

آج ایک پاکستانی نے ستاروں کی جانب قدم بڑھایاہے۔اب پوری قوم کوجہالت،علمی جموداورفکری پسماندگی کے حصارسے نکل کراس سمت گامزن ہوناہوگا کیونکہ ستاروں تک پہنچ جاناکسی قوم کی آخری منزل نہیں؛اصل عظمت اپنے علم،کرداراورقوتِ عمل سے آنے والی نسلوں کیلئےنئے جہان آبادکرنے میں ہے۔

آج جب فضائے بسیط میں اقبالؒ کے شاہین کی زبان سے حکیم الامت کا کلام گونجا تومیرادل تعمیرِنوٹرسٹ کوئٹہ کے بانی جناب فضل حق میر مرحوم اوران دور اندیش اکابرین کیلئے عقیدت واحترام سے بھرگیا،جنہوں نے گزشتہ برس دنیاکے متعدد ممالک سے ماہرینِ اقبال کوسرزمینِ بلوچستان پرجمع کرکے امتِ مسلمہ کے خوابوں کوعملی تعبیردینے کے ایک عظیم سفرکاآغازکیا۔ان صاحبانِ بصیرت کودل کی گہرائیوں سے مبارکباداورسلامِ عقیدت پیش کرتاہوں،جنہوں نے اقوامِ عالم کویہ ولولہ انگیز پیغام دیا کہ اقبالؒ کی فکرمحض کتابوں،تقریروں اوریادگاری تقریبات تک محدودنہیں،بلکہ اقبالؒ کے خواب کی تعبیرکونہ صرف سرزمینِ بلوچستان سے ستاروں تک کے سفرکاآغازکیاہے بلکہ آج بلوچستان کی زرخیزمٹی میں علم،خودی،کرداراورعمل کی صورت میں پروان چڑھ رہی ہے۔

سلام ہے ان معمارانِ ملت کو،جوبلوچستان کی آغوش میں اقبالؒ کے ان شاہینوں کی پرورش کررہے ہیں،جن کی منزل محض آسمان نہیں،بلکہ ستاروں سے آگے کے جہان ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کی اس عظیم فکری وتعلیمی جدوجہدکوامتِ مسلمہ کی نشاۃِ ثانیہ کا پیش خیمہ بنائے۔آمین!

Related posts

Leave a Comment