آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) کا بیوٹمز یونیورسٹی کا دورہ، طلبہ کی جانب سے پرتپاک استقبال

میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ کا بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ میں طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کا منظر

(رپورٹ: سید سردار محمد کھوندائی)

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں طلبہ نے ان کا پرتپاک اور پُرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر، پرو وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات کے ساتھ ایک خصوصی تعاملی نشست کا اہتمام کیا گیا۔

نشست کے دوران بلوچستان میں تعلیمی ترقی، طلبہ کے لیے بہتر مواقع، نوجوانوں کے مثبت کردار اور صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نوجوان بلوچستان اور پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صوبے اور ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی تعلیم، تربیت اور صلاحیتوں کو بہتر بنانا روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، محنت اور مثبت سوچ کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کریں۔

طلبہ نے ملاقات کو حوصلہ افزا قرار دیا

طلبہ نے آئی جی ایف سی کے دورے اور ان سے براہِ راست ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی نشستیں نوجوانوں میں اعتماد پیدا کرتی ہیں اور انہیں اپنے خیالات اور مسائل کے اظہار کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

اس دورے کے دوران ایف سی قیادت اور یونیورسٹی کے تعلیمی حلقوں کے درمیان براہِ راست رابطے کو فروغ ملا، جبکہ بلوچستان میں تعلیم، نوجوانوں کی ترقی اور مستقبل کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

Related posts

Leave a Comment