Picture of Mian Iftikhar Ahmad

Mian Iftikhar Ahmad

یومِ آزادی اتحاد و عزم کی تجدید کا دن ہے: بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت

قیامِ پاکستان کیلئے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عزم کیا جائے

فیصل آباد (میاں افتخار احمد) بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے اہل وطن کو آزادی کی 79ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں قوم کو درپیش سماجی، سیاسی، معاشی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔ ہمیں قیامِ پاکستان کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی لازوال قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے اور ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج سے 79 سال قبل قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ایک تاریخی جدوجہد کے بعد پاکستان آزاد ہوا۔ یومِ آزادی نوآبادیاتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں ہماری جمہوری اور سیاسی کاوشوں کے منطقی انجام کی علامت ہے۔ یہ دن ہمیں خود احتسابی اور خود شناسی کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے کہا کہ ہمیں ملک کی موجودہ ترقی کی سطح، درپیش چیلنجز اور مستقبل میں ترقی کے دستیاب مواقع پر غور کرنا چاہیے۔ یہی وقت ہے کہ بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی، سیاسی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے اور پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے متحد ہو کر کام کرنا چاہیے۔ آئیں آج کے دن یہ عہد کریں کہ وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔