Picture of Syed Sardar Muhammad Khondai

Syed Sardar Muhammad Khondai

بلوچستان بھر میں یومِ استحصالِ کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا، چمن سے گوادر تک ریلیاں نکالی گئیں

کوئٹہ / چمن (سید سردار محمد خوندئی): بلوچستان بھر میں یومِ استحصالِ کشمیر انتہائی جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر چمن، گوادر، قلعہ عبداللہ اور دیگر اضلاع میں ریلیاں، تقریبات اور آگاہی پروگرام منعقد کیے گئے جن میں کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

سرحدی شہر چمن میں ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی کی قیادت میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں سرکاری افسران، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں نعرے لگائے، جبکہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

دوسری جانب بلوچستان کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھی یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے ریلیاں اور تقریبات منعقد کی گئیں۔ گوادر سے لے کر چمن، قلعہ عبداللہ اور دیگر اضلاع تک عوام نے کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے بھائی ہیں اور ان کی آزادی کی جدوجہد اور عظیم قربانیاں ایک دن ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر چمن کی زیرِ صدارت تمام محکموں کا مشترکہ اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور یومِ آزادی 14 اگست کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے اہم انتظامی فیصلے کیے گئے۔

تقریبات کے اختتام پر شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرایا جائے۔