ڈی سی ویسٹ کے نوٹیفکیشن کے خلاف پرائیویٹ اسکولز الائنس کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

ڈی سی ویسٹ کا نوٹیفکیشن غیر قانونی، پرائیویٹ اسکولز الائنس کا بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ (سید سردار محمد خندائی)

بلوچستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز الائنس (BPSAA) نے ڈپٹی کمشنر ویسٹ کی جانب سے جاری کردہ اس نوٹیفکیشن کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت نجی اسکولوں کو تعطیلات کے دوران فیسیں وصول کرنے سے روکا گیا ہے۔ الائنس نے اس نوٹیفکیشن کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا ہے۔

اس سلسلے میں الائنس کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بلوچستان ہائی کورٹ میں بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطا اللہ لانگو سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔ وفد میں میر بہادر خان لانگو، ایڈووکیٹ میر محمد موسیٰ لانگو، حاجی محمد سلیم ناصر، لیاقت علی ہزارہ اور جنرل سیکرٹری محمد نواز پندرانی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران جنرل سیکرٹری محمد نواز پندرانی نے بار ایسوسی ایشن کے صدر کو ڈی سی ویسٹ کے نوٹیفکیشن کے قانونی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان اور بلوچستان ہائی کورٹ کے واضح فیصلوں، عدالتی احکامات اور سابقہ نوٹیفکیشنز کی نقول بھی پیش کیں، جن کے بارے میں الائنس کا مؤقف ہے کہ ان میں تعطیلات کے دوران اسکول فیسوں کی وصولی سے متعلق احکامات موجود ہیں۔

وفد نے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر سے باضابطہ طور پر درخواست کی کہ وہ بلوچستان ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کرنے کے لیے قانونی معاونت فراہم کریں۔

بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطا اللہ لانگو نے تمام دستاویزات وصول کرتے ہوئے ان کا تفصیلی جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وفد نے بلوچستان ہائی کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار منیر احمد لانگو سے بھی ملاقات کی اور آئینی درخواست دائر کرنے کے لیے درکار تقاضوں اور طریقۂ کار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

الائنس کے ترجمان کے مطابق بلوچستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز الائنس نجی تعلیمی اداروں کے قانونی حقوق اور نظامِ تعلیم پر کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کرے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ تمام قانونی دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد ڈی سی ویسٹ کے اس اقدام کو چیلنج کرنے کے لیے جلد از جلد معزز ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد قانون کی بالادستی یقینی بنانا اور تعلیمی اداروں کے حقوق اور وقار کا تحفظ کرنا ہے۔

Related posts

Leave a Comment