کراچی میں گرین ہینڈز آف پاکستان اور ٹری مین آف پاکستان کے تعاون سے پھلوں کا باغ قائم
کراچی: گرین ہینڈز آف پاکستان اور ٹری مین آف پاکستان کے مشترکہ تعاون سے فرانسسکن سسٹرز آف کرائسٹ کنگ، پلاٹ نمبر 18، روزری کانونٹ، کہکشاں سوسائٹی، پنجاب ٹاؤن، ملیر، کراچی میں پھلوں کا باغ قائم کیا گیا۔
اس موقع پر ادارے کی انتظامیہ، اہلِ محلہ اور دیگر افراد نے شرکت کی اور اپنے ہاتھوں سے پھل دار پودے لگائے۔ اس اقدام کا مقصد شجرکاری کو فروغ دینا اور ماحول کو سرسبز و صاف بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گرین ہینڈز آف پاکستان کے صدر عبدالباسط پتنگیا نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے درخت لگانا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ انسانی بقا کا تعلق درختوں سے جڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’درخت ہیں تو ہم ہیں۔‘‘
ٹری مین آف پاکستان شہروز سراج نے کراچی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اہلِ کراچی سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال بھی کریں تاکہ شہر کو سرسبز اور ماحول کو صاف ستھرا بنایا جا سکے۔
شرکاء نے امید ظاہر کی کہ لگائے گئے یہ پودے مستقبل میں مضبوط، تناور اور پھل دار درخت بنیں گے اور آنے والی نسلوں کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔
