ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد نے امتحان میٹرک جماعت نہم (اول) سالانہ 2026ء کے نتائج کا اعلان کردیا

امتحان میں کل 196656 امیدواران نے شرکت کی‘ 100708پاس ہوئے‘کامیابی کا تناسب 51.21 فیصد رہا‘ 548 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے

چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر رانا بنیامین نے رزلٹ آن لائن کیا‘ سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ و کنٹرولر امتحانات رانا عتیق الرحمن بھی ان کے ہمراہ تھے

نتائج انتہائی احتیاط‘ محنت اور بھرپور توجہ سے تیار کئے گئے ہیں غلطیوں کا امکان نہیں تاہم مطمئن نہ ہونے والے بچے 17 ستمبر تک ری چیکنگ کی درخواست دے سکتے ہیں

رزلٹ آن لائن کرنے کی تقریب سے چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین سیکرٹری ڈاکٹر سلیم تقی شاہ اور کنٹرولر امتحانات رانا عتیق الرحمن کا اظہار خیال

فیصل آباد (میاں افتخار احمد) :

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان میٹرک جماعت نہم (اول) سالانہ 2026ء کے نتائج کا اعلان کر دیا چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے نتائج آن لائن کیے۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن بھی وہاں موجود تھے۔ جماعت نہم کے سالانہ امتحان میں مجموعی طور پر 196,656 طلباء و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 100,708 امیدواران کامیاب ہوئے یوں کامیابی کا مجموعی تناسب 51.21 فیصد رہا امتحان کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے مجموعی طور پر 548 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے نتائج آن لائن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کہا کہ نتائج کی تیاری انتہائی احتیاط، محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ کی گئی ہے۔ طلباء کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے نتائج کی تیاری کے تمام مراحل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا انہوں نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے نتائج کی تیاری میں ہر ممکن احتیاط برتی گئی تاہم اگر کوئی امیدوار اپنے نتیجے سے مطمئن نہیں تو وہ 17 ستمبر 2026ء تک ری چیکنگ کے لیے درخواست جمع کرا سکتا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے کہا کہ نہم جماعت کے نتائج کی تیاری کا عمل ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا گیا ہے۔ بورڈ کی کوشش ہوتی ہے کہ طلباء کو بروقت اور شفاف نتائج فراہم کیے جائیں تاکہ بچوں کو ان کی محنت کا بھرپور صلہ مل سکے اس موقع پر کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن نے کہا کہ امتحانی نتائج کی تیاری اور جانچ پڑتال کے تمام مراحل میں ضروری و حکومت پنجاب کے ایس او پیز کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ انہوں نے کامیاب ہونے والے طلباء ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے مزید کہا کہ طلباء کی کامیابی ان کی محنت کے ساتھ ساتھ والدین اور اساتذہ کرام کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کامیاب طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے مزید محنت، لگن اور توجہ کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کی تلقین کی۔ مزید براں نتائج سے متعلق اگر کسی کو معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے دفتری فون نمبر 0412517710 پر رابطہ کر سکتا ہے