کردگاپ حملے کے بعد کیا؟ بلوچستان، ڈرون حملہ اور ریاستی ذمہ داری

ابلاغی کشمکش اور ذمہ دار خبررسانی

کوئٹہ میں مقیم میرے باخبربیٹے کی آوازمیں ایساشدیدپریشانی کالہجہ اس سے قبل میں نے کبھی نہیں سناتھالیکن آج اس کی آوازمیں ایک عجیب قسم کی بے بسی دکھائی دے رہی تھی۔بقول اس کےبلوچستان کے پہاڑوں میں فاصلے بہت ہیں،مگرکردگاپ سے اٹھنے والی خبرنے کوئٹہ اوراسلام آبادکے درمیان فاصلہ ایک ہی دن میں سمیٹ دیاہے۔14نومبر2026کوضلع مستونگ کے اس علاقے میں ایک فوجی قافلے پرڈرون حملے کی خبرآئی۔پھرایک مسلح تنظیم نے ذمہ داری قبول کی،اپنے ابلاغی ذریعے سے ایک ویڈیو جاری کی اوراپنی کارروائی کی تفصیل اپنے الفاظ میں دنیاکے سامنے رکھ دی۔ پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اوروزیرِخارجہ اسحاق ڈارنے فوجی قافلے پرڈرون حملےمیں اہلکاروں کی شہادت پرافسوس کااظہارکرتےہوئے بیٹےکی خبرکی تصدیق کردی۔یوں واقعے کی خبرسرکاری بیان تک پہنچی،اوراس کے ساتھ یہ سوال بھی کہ بلوچستان میں برسوں سے جاری مسلح کشمکش اب کس سمت بڑھ رہی ہے۔

کردگاپ حملہ: متاثرہ جانیں اور تحقیق کے بنیادی سوالات

 

کردگاپ کے واقعے کاپہلاحوالہ ان جانوں کاہے جن پریہ سانحہ گزرا۔خبرکے اعدادورق پرسمٹ جاتے ہیں،مگرکسی گھرکی زندگی میں ان کااثربرسوں باقی رہتا ہے۔اسی انسانی حقیقت کے بعدتحقیق کاسوال آتاہے۔حملے کے بارے میں کیامعلوم ہے؟جاری شدہ موادسے کیا اخذکیاجاسکتاہے؟اورکن سیاسی نتائج تک پہنچنے کیلئےابھی مزیدشواہددرکارہیں؟قومی سلامتی کی بحث میں یہ سوال زبان کواحتیاط اورریاستی مؤقف کووزن دیتے ہیں۔

بی ایل اے کا دعویٰ اور سرکاری تصدیق

 

بی ایل اے،نے کردگاپ میں حملے کی ذمہ داری قبول کی اوراسے اپنے نام نہادفضائی دستے«قہر»سے منسوب کیا۔«ہکل»کے ذریعے جاری ہونے والی ویڈیو کوذرائع ابلاغ نے تنظیم کے دعوے کے حوالے سے رپورٹ کیا۔پاکستان کے عسکری شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے بیان میں میجرعمرمنہاس ناصر،حوالدار محمد عدنان خان اوردودیگراہلکاروں کی شہادت کاذکرخیبرپختونخوااوربلوچستان میں مختلف کارروائیوں کی مجموعی تفصیل کے ساتھ آیا۔اسحاق ڈارکے بیان نے کردگاپ میں قافلے پرڈرون حملے کی تصدیق کی۔حملہ آورتنظیم نے دیگر واقعات اورمجموعی جانی نقصان کے بارے میں بھی دعوے کیے،جن کی تفصیل اسی کی نسبت سے سامنے آئی۔

تنظیم کے نام کی تصحیح اور دعووں کی تحقیق

 

اصل رپورٹ میں تنظیم کے نام کیلئےکہیں بی ایل اے اورکہیں بی این اے درج ہے۔مگردستیاب خبری ریکارڈمیں کردگاپ حملے کا دعویٰ بی ایل اے سے منسوب ہے۔یہ تصحیح اس لیے اہم ہے کہ بلوچستان میں سرگرم تنظیموں کے ملتے جلتے نام،بدلتے اتحاداورایک دوسرے سے جدادعوے پہلے ہی منظرنامے کوپیچیدہ بنادیتے ہیں۔نسبت میں ایک حرف کی لغزش بھی پوری بحث کوغلط سمت لے جا سکتی ہے۔اسی طرح ویڈیوکااجراءایک قابلِ رپورٹ واقعہ ہے،جبکہ اس کے مندرجات،جانی نقصان کی مکمل تفصیل اوراس کے ساتھ پیش کیے گئے دعوے الگ تحقیق چاہتے ہیں۔

ابلاغی کشمکش اور ذمہ دار خبررسانی

 

واقعے کے بعدمیدان میں ایک اورکشمکش شروع ہوتی ہے۔اس بارہدف ناظرکاذہن ہے۔مسلح تنظیم اپنی جاری کردہ فوٹیج سے یہ تاثر قائم کرناچاہتی ہے کہ اقدام بھی اسی کے ہاتھ میں ہے اوراس کی تعبیربھی۔جب ذرائع ابلاغ اسی کے منتخب کردہ مناظراورزبان کوبار باردہراتے ہیں توخبرکے ساتھ اس کی تشہیری تدبیربھی سفرکرتی ہے۔ذمہ دارخبررسانی کی قدریہاں نمایاں ہوتی ہے۔وہ دعوے کو واضح نسبت کے ساتھ نقل کرتی ہے،اس کی تحقیق کرتی ہے  اور متاثرین  کوخبرکے مرکزمیں جگہ دیتی ہے۔

بلوچستان کی بے امنی کی تاریخی جڑیں

 

بلوچستان میں آج کی بے امنی کی جڑیں سمجھنے کیلئےقیامِ پاکستان کے ابتدائی برسوں کی طرف نگاہ کرناپڑتی ہے۔ریاستِ قلات کے الحاق کے گردپیداہونے والے اختلافات،پچاس اورساٹھ کی دہائیوں کی مسلح بے چینی،اورپھرسترکی دہائی کی شورش ایک طویل اور پیچیدہ تاریخ کے مختلف ابواب ہیں۔ 1973میں سردارعطاءاللہ مینگل کی صوبائی حکومت کی برطرفی اس تاریخ کاایک اہم موڑتھی۔ اکیسویں صدی کے آغازمیں مسلح کشمکش پھربڑھی،اور2006ءمیں نواب اکبربگٹی کی ہلاکت نے سیاسی فاصلے مزیدگہرے کیے۔ان ادوارمیں قیادت،مقاصداورحالات بدلتے رہے،مگراختیار،نمائندگی اوروسائل کی تقسیم کے سوال باربارلوٹ کرآئے۔

بلوچستان کے باشندوں کی سیاسی آواز اور مطالبات

 

اس تاریخ میں بلوچستان کے باشندوں کی اپنی سیاسی آوازبھی ہے۔صوبائی اختیار،وسائل کی آمدن میں حصے،روزگاراورقانون کے یکساں اطلاق کے مطالبات  کی سماعت آئینی سیاست کاحصہ ہے۔ان مطالبات کاذکر کرتے ہوئے ان شہریوں اوراہلکاروں کاحق بھی نگاہ میں رہنا چاہیے جن کی زندگیاں مسلح تشددنے چھین لیں۔ایک ہی صوبے میں کسی خاندان کوروزگارکی فکرہے،کسی کوعزیزکی سلامتی کااندیشہ،اورکسی کے گھرمیں شہیدکی یاد۔ریاست کے ساتھ ان سب کارشتہ اس بات سے بنتاہے کہ ان کی دادرسی کہاں ہوتی ہے اورکتنی دیرمیں ہوتی ہے۔

وسائل اور مقامی آبادی کے درمیان فاصلہ

 

بلوچستان کی زمین سے نکلنے والی دولت اوروہاں کی آبادی کومیسرمواقع کے درمیان فاصلہ تاریخی شکایات میں نمایاں رہاہے۔کسی کان،بندرگاہ یاشاہراہ کی قومی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے۔مقامی آبادی اس اہمیت کااندازہ اپنے تجربے سے کرتی ہے۔اس کیلئےسوال یہ ہے کہ روزگارمیں اس کاحصہ کیاہے،آبادی کی ضروریات پرکتناخرچ ہوتاہے اورفیصلے میں اس کی رائے کہاں سنی جاتی ہے۔ان سوالوں کا جواب روزمرہ زندگی میں نظرآئے تووفاق سے وابستگی محض سرکاری تقریرکامضمون رہنے کے بجائے شہری تجربہ بن سکتی ہے۔

ڈرون حملے کی اہمیت اور دستیاب عوامی شواہد

 

کردگاپ کی اہمیت یہ ہے کہ ایک مسلح تنظیم نے ڈرون سے حملے کادعویٰ کیااورسرکاری سطح پربھی قافلے پرڈرون حملے کاذکرہوا ۔اصل رپورٹ اسے2026 ء کے آغازسے نظرآنے والی ایک وسیع ترتبدیلی سے جوڑتی ہے۔اس میں مخصوص قسم کے ڈرون،مہنگے آلات،بیرونی مالی معاونت اورسرحدپارتربیت کا ذکر ہے۔دستیاب عوامی شواہداس خاص حملے میں استعمال ہونے والے آلے کی مکمل شناخت،اس کی قیمت،حصول کے ذریعے یاتربیت دینے والوں کاتعین نہیں کرتے۔ان سوالات کے جواب کیلئےمالی لین دین،سامان کی ترسیل اورمتعلقہ افرادکے روابط کاقابلِ جانچ ریکارڈدرکارہے۔

ویڈیو کی اشاعت اور بیرونی مداخلت کا سوال

 

اصل رپورٹ میں ویڈیوکی تدوین اوربھارت سے منسوب بعض سماجی ذرائع ابلاغ کے کھاتوں پراس کی تیزاشاعت کوبھی بیرونی مداخلت کاقرینہ سمجھا گیا ہے ۔ اشاعت کے سلسلے کاجائزہ تحقیق میں مدددے سکتاہے۔اس سے معلوم ہوسکتاہے کہ موادپہلے کہاں ظاہر ہوااورکن ذرائع سے پھیلا۔کسی خفیہ ادارے سے عملی تعلق قائم کرنے کیلئےرابطے،ہدایات یاادائیگیوں کے ایسے شواہددرکارہوتے ہیں جن کی آزادانہ پڑتال ممکن ہو۔دستیاب خبری موادمیں اس حملے کیلئےبھارتی خفیہ ادارے،اسرائیل یاکسی مشترکہ بیرونی انتظام کی ذمہ داری ثابت کرنے والی شہادت سامنے نہیں آئی۔

اسلامی روایتِ عدل اور شہادت کا معیار

 

اس معاملے میں اسلامی روایتِ عدل کاتقاضابھی یہی ہے کہ خبرکی تحقیق کی جائے اورگواہی کامعیارموافقت یامخالفت سے تبدیل نہ ہو ۔سورۂ حجرات خبرکی چھان بین کی تاکیدکرتی ہے،اورسورۂ مائدہ عدل کوعداوت کے دباؤسے آزاد رکھنے کاحکم دیتی ہے۔قومی صدمے کی گھڑی میں یہ تعلیم ایک عملی ذمہ داری بن جاتی ہے۔ریاست اپنے شہریوں اوراہلکاروں کی حفاظت کرے،مقدمہ شہادت پر قائم کرے اورجوابدہی کادائرہ انہی افراداوراداروں تک لے جائے جن کے خلاف شواہدجمع ہوں۔

ٹی ٹی پی، افغانستان اور بی ایل اے کے مبینہ روابط

 

افغانستان سے پاکستان کے خلاف تحریک طالبان پاکستان کی سرگرمی محض مقامی قیاس کاموضوع نہیں۔ اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کی نگرانی کرنے والی ٹیم نے اپنی16ویں رپورٹ میں افغان سرزمین سے پاکستان میں ٹی ٹی پی کے متعدد نمایاں حملوں کی تصدیق کی ہے۔ اس دستاویزی پس منظرکی بناپرپاکستان کی سرحد پار سرگرمیوں سے متعلق تشویش کوسنجیدگی سے سمجھاجاسکتاہے۔”کردگاپ "کے معاملے میں تربیت،مالی معاونت یاعملی شرکت کی نسبت کیلئےواقعے سے براہِ راست متعلق ثبوت درکارہیں۔

حمید اللہ عرف بادل اورمکران کے ایک مقامی رابطے کاذکربھی نہائت اہم ہے۔اسی طرح گرفتارکمانڈرمولوی منصورسے منسوب بیان میں نورولی محسودکی طرف سے بی ایل اے کے کمانڈروں سے رابطے کی ہدایت کادعویٰ کیاگیاہے۔ان حوالوں سے بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے درمیان بھی تعاون کانتیجہ بھی ثابت ہوتاہے۔دستیاب عوامی ریکارڈ سے ان مخصوص ملاقاتوں،منسوب ہدایات یاکردگاپ حملے سے ان کے تعلق کے اشارے ضرورسامنے آتے ہیں تاہم گروہوں کے درمیان کون رابطہ یاسہولت کارہیں،مستقل اتحادیامشترکہ بیرونی سرپرستی قائم کرنے کیلئے کون سی قوتیں سرگرم ہیں،اب اس کے وسیع ترشواہد یقیناً ہمارے اداروں کے پاس ہوں گے لیکن ضرورت اس امرکی ہے کہ اس کاجواب اگربروقت نہ دیاگیاتوبعدازاں اس پرقابوپانامشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بھی ہوسکتاہے۔

بلوچستان اور افغانستان سے متعلق پاکستان کی سفارتکاری

 

ان روابط کی تفتیش کے ساتھ بلوچستان اورافغانستان سے متعلق پاکستان کی سفارتکاری بھی اہم ہے۔سرحدی بے امنی کابوجھ ان خاندانوں،مزدوروں اور تاجروں پربھی پڑتاہے جن کی زندگی آمدورفت سے وابستہ ہے۔امن کی پائیدارصورت میں ریاستی عملداری، شہری تحفظ اورہمسایہ حکومتوں سے واضح جوابدہی ایک ساتھ درکارہیں۔ہرمتعلقہ فریق سے مطالبہ اسی ذمہ داری کے مطابق اٹھایاجا سکتاہے جومعتبرشواہد سے اس پرعائدہوتی ہو۔ان پریہ واضح کرنابھی ضروری ہے کہ ملکی سلامتی کیلئے ایسی جوابی کاروائیوں کیلئےانہیں بھی تیاررہناہوگا۔

پاکستان کی علاقائی سفارتکاری اور دفاعی معاہدے

 

پاکستان کی علاقائی سفارتکاری کوسمجھنے کیلئےچنداہم تاریخیں سامنے رکھنی چاہییں۔ستمبر2025میں پاکستان اورسعودی عرب نے تزویراتی باہمی دفاعی معاہدے  پردستخط کیے۔اکتوبر2026ءمیں قطر،انڈونیشیا،پاکستان اورترکیہ نے«بدر»کے نام سے دفاعی صنعتوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پردستخط کیے۔پاکستان اورکویت نے بھی2026میں ایک پروٹوکول کے ذریعے اپنے2023ءکے دفاعی تعاون کے معاہدے کووسعت دی۔ان دستاویزات کے فریق اوردائرۂ کارجداہیں۔پاکستان اورسعودی عرب کے دفاعی معاہدے کے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں ایک فریق کے خلاف جارحیت کودونوں کے خلاف جارحیت تصورکرنے کی بات کی گئی۔حرمین شریفین سے پاکستانی عوام کی وابستگی اپنی دینی اورتاریخی معنویت رکھتی ہے،جبکہ معاہدے کی ذمہ داریوں کوسمجھنے کامعتبرحوالہ اس کا سرکاری اعلان ہے۔

امارات، کابل ملاقات اور بی ایل اے نیٹ ورک کے شبہات

 

اپریل2026ءمیں اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے مجموعی طورپرتین ارب پینتالیس کروڑڈالرکے واجب الاداذخائرواپس کر دیے۔اصل رپورٹ اس معاملے کوسعودی عرب اورامارات کے باہمی اختلافات کے پس منظرمیں دیکھتی ہے۔نومبر میں کابل میں افغان طالبان کے قائم مقام وزیرِ دفاع اوراماراتی سفیرکی ملاقات کی خبربھی سامنے آئی۔ یہ دونوں واقعات اپنے اپنے حوالوں میں قابلِ ذکرہیں۔ان جاری حالات میں اٹھنے والے شبہات اب یقین میں تبدیل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں کہ دراصل امارات سے بی ایل اے کے نیٹ ورک چلایاجارہاہے اوراب کابل کی ملاقات کامقصد پاکستان کے خلاف تشددبڑھاناہے۔

اسلام آباد مذاکرات اور امن اجتماع: کیا کردگاپ پیشگی انتباہ ہے؟

 

پاکستان کے مصالحتی کردارکاایک دستاویزی حوالہ اپریل2026ءکے اسلام آبادمذاکرات ہیں۔امریکی اورایرانی وفودجنگ کے خاتمے کی بات چیت کیلئےپاکستان پہنچے تھے۔لبنان اورپابندیوں سے متعلق اختلافات اس موقع پربھی نمایاں تھے۔اصل رپورٹ اسی پس منظر میں ایک آئندہ امن اجتماع کاذکرکرتی ہے جس میں ڈونلڈ ٹرمپ،محمد بن سلمان،رجب طیب اردوان،مسعودپزشکیان،امیر قطرشیخ تمیم بن حمد،برطانیہ، فرانس اور دیگر یورپی ممالک کی اعلیٰ سطحی شرکت متوقع بتائی گئی ہے۔سوال یہ ہے کہ اتنے بڑے امن منصوبے کوسبوتاژاورناکام کرنے کیلئے کیاکردگاپ کاحملہ پیشگی انتباہ ہے؟یقیناًپاکستان اس امن منصوبے میں شریک ممالک کے ساتھ اس سنگین معاملے پررابطہ میں ہوگااوراس کے تدارک کیلئے عالمی پلیٹ فارم پرفوری اقدامات اٹھانے لازم ہو گئے ہیں ۔

سی پیک، گوادر اور بلوچستان کی معاشی اہمیت

 

چین پاکستان اقتصادی راہداری بلوچستان کی قومی اہمیت اورمقامی توقعات کوایک ہی مقام پرلے آتی ہے۔گوادراورمتعلقہ منصوبوں کا معاشی وزن ان کی تجارتی افادیت کے ساتھ اس بات سے بھی متعین ہوگاکہ مقامی آبادی کوروزگار،کاروباراوربنیادی سہولتوں میں کتنی گنجائش ملتی ہے۔بدامنی سے منصوبوں کی لاگت بڑھتی ہے،نقل وحرکت متاثرہوتی ہے اورسرمایہ کاری کے فیصلے دشوارہوتے ہیں۔ تاہم ایسے حملے کے اقتصادی اثرات دیکھ کراس کے محرک کا فیصلہ کرنا،درست تحقیق کے بعداس کاجواب دینا،کردگاپ اور سی پیک کے درمیان براہِ راست ربط کی نسبت کے حوالے سے جواب دینااب اشدضروری ہوگیاہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ تربت

 

19نومبرکوریڈیوپاکستان نے فیلڈمارشل سیدعاصم منیرکے دورۂ تربت کی اطلاع دی۔سرکاری خبرمیں فوجی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اورتیاری کے اعتراف کاذکرتھا۔بلوچستان کی موجودہ سلامتی کی صورتِ حال میں یہ دورہ اپنی اہمیت رکھتاہے۔اس سے آگے اصل رپورٹ اسے دنیاکے نام ایک وسیع ترپیغام کے طورپرپڑھتی ہے۔بین الاقوامی سطح پرپاکستان کامقدمہ اس وقت زیادہ وزن حاصل کرتاہے جب وہ متاثرہ افرادکاریکارڈ،قابلِ جانچ شواہداور متعلقہ حکومتوں سے اپنے مطالبات واضح طورپردنیا کے سامنے رکھتاہے۔

«نئی یالٹا» کا استعارہ اور بڑی طاقتوں کے فیصلے

 

اسی طرح چین میں امریکی،روسی اورچینی قیادت کی مبینہ نشست کیلئے«نئی یالٹا»کی تعبیرتاریخ سے اخذکیاگیاایک استعارہ ہے۔ فروری1945میں یالٹا میں روزویلٹ،چرچل اوراسٹالن نے جنگ کے خاتمے اوربعدازجنگ بندوبست پرمذاکرات کیے تھے۔اس تاریخی حوالے سے چھوٹی اوردرمیانی ریاستوں کایہ اندیشہ سمجھ میں آتاہے کہ بڑی طاقتوں کے فیصلے ان کے سیاسی اختیارپراثراندازہو سکتے ہیں۔موجودہ معاملے میں چین کے اندرمذکورہ سہ فریقی سربراہی نشست یادنیاکی تقسیم کے کسی خفیہ معاہدے کیلئےقابلِ تصدیق عوامی شہادت دستیاب تونہیں ملی لیکن اس سطح کے مذاکرات کواگرخفیہ رکھاگیاتوشکوک و شبہات نتائج کوناکام بھی بناسکتے ہیں۔

کردگاپ کے بعد ریاست کی فوری اور دیرپا ذمہ داریاں

 

کردگاپ نے پاکستان کے سامنے ایک فوری سلامتی کامسئلہ رکھاہے اوربلوچستان کے ساتھ ریاست کے تعلق کاایک دیرینہ سوال پھر نمایاں کردیاہے۔فوری ذمہ داری حملے کی مؤثرتفتیش،اہلکاروں اورشہریوں کے تحفظ،اورذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہے۔دیرپاذمہ داری ان حالات سے تعلق رکھتی ہے جن میں ایک شہری اپنے جائزمطالبے کیلئےاداروں تک پہنچ سکے، اپنے صوبے کے وسائل میں اپناحصہ دیکھے اوراپنے مستقبل کافیصلہ کرنے والی سیاست میں شریک ہو۔ان دونوں ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئےریاستی قوت کے ساتھ انصاف،سیاسی سماعت اورتسلسل کی ضرورت ہے۔

عوام کا حقِ معلومات اور سفارتی و قانونی محاذ

 

بیرونی مداخلت کامعتبر ثبوت اورشواہدکوپوری سنجیدگی سے سفارتی اور قانونی فورموں پرپیش کرناپاکستان کاحق ہے۔اندرونِ ملک بھی عوام کاحق ہے کہ انہیں معلوم ہوواقعے کی تحقیق کہاں تک پہنچی،کس دعوے کی تصدیق ہوئی اورکون ساسوال اب بھی جواب طلب ہے۔ایسی وضاحت سے شہداکی حرمت، خبرکی دیانت اورریاست کے مؤقف کوایک ساتھ تقویت ملتی ہے۔

بلوچستان میں امن کی اصل گواہی

 

کردگاپ کے بعدبلوچستان میں امن کی اصل گواہی وہاں کے لوگوں کی زندگی دے گی۔یہ گواہی اس اہلکارکی محفوظ واپسی میں ہوگی جس کاگھراس کی راہ دیکھتاہے،اس خاندان کی دادرسی میں ہوگی جوکسی دفترکادروازہ کھٹکھٹاتاہے،اوراس نوجوان کے تجربے میں ہوگی جواپنی ہی سرزمین پرتعلیم،کام اورباعزت زندگی کے امکانات دیکھناچاہتاہے۔بلوچستان کی تاریخ کااگلاسنہری اورکامیاب باب ریاست انہی لوگوں کے ساتھ لکھ سکتی ہے جواب بھی وطنِ عزیزکیلئے دامے،درمے،سخنے اپنی جانیں ہتھیلی پرلئے شب وروزکام کررہے ہیں لیکن ہمارے ذمہ داراب بھی حجاب میں مستورنجانے کس کاانتطارکررہے ہیں۔

Related posts

Leave a Comment