کھیلوں کا فروغ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے ضروری ہے، بریگیڈیئر ضرار احمد
چمن (سید سردار محمد خوندئی): چمن میں تین روزہ باکسنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول چمن کے گراؤنڈ میں منعقدہ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈر چمن سکاؤٹس و بریگیڈ کمانڈنٹ بریگیڈیئر ضرار احمد تھے۔ انہوں نے کھیلوں کے فروغ کو نوجوان نسل کے لیے انتہائی ضروری قرار دیتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔
چیمپئن شپ میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے باکسرز نے حصہ لیا۔ تین روز تک جاری رہنے والے مقابلوں کے دوران مختلف ویٹ کیٹیگریز میں کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں، فنی مہارت اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فائنل مقابلوں میں باکسرز نے کامیابی کے حصول کے لیے بھرپور مقابلہ کیا۔
فائنل مقابلوں کے اختتام پر مختلف کیٹیگریز میں کامیابی حاصل کرنے والے 17 باکسرز کو گولڈ میڈلز دیے گئے۔ کامیاب کھلاڑیوں اور ان کے کوچز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ گراؤنڈ میں موجود شائقین نے تالیوں اور نعروں کے ذریعے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
اختتامی تقریب میں چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر حاجی عمران خان کاکڑ، قبائلی مشران، مقامی عمائدین اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر بریگیڈیئر ضرار احمد نے قبائلی مشران کے ہمراہ کامیاب باکسرز میں میڈلز، ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر ضرار احمد نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ نوجوان نسل کو مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں موجود کھیلوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور باصلاحیت باکسرز کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے چیمپئن شپ کے کامیاب اور شاندار انعقاد پر ٹورنامنٹ کے سرپرستِ اعلیٰ اختر گلفام کو مبارکباد پیش کی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کے شرکاء نے چمن باکسنگ چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کو صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں میں مثبت رجحانات کو پروان چڑھانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلوں سے نہ صرف مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع ملتے ہیں بلکہ بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے کھلاڑیوں کے درمیان باہمی روابط، ہم آہنگی اور بھائی چارے کو بھی فروغ ملتا ہے۔
