وطن کا دفاع زندہ اور بہادر قوموں کی پہچان ہے، سید سردار محمد خوندئی
چمن (خصوصی رپورٹ) 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان کے سلسلے میں اقراء علمی مرکز چمن میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں بچوں نے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرا کر پرجوش نعروں سے پنڈال گونج اٹھا۔ تقریب میں اقراء علمی مرکز چمن کے اساتذہ کرام اور بوائز سیکشن کے سینکڑوں طلباء نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز جماعت نہم کے ہونہار طالب علم محمد سلیمان نے تلاوتِ کلام پاک سے کیا، جس کے بعد قومی ترانے کے احترام میں تمام اساتذہ کرام اور طلباء کھڑے ہو گئے اور پرتپاک انداز میں قومی ترانہ پیش کیا گیا۔
تقریب سے جمعہ خان اچکزئی، امان اللہ شادمن اور مفتی مولانا محمد ابراہیم نے بھی خطاب کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اور ادارے کے سربراہ، سینئر صحافی و کالم نگار سید سردار محمد خوندئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ
پاکستان ہمارا ملک ہے اور اس کے شاندار مستقبل کا واحد راستہ قومی یکجہتی اور علم دوستی میں پوشیدہ ہے۔ جن قوموں نے اپنے وطن کی حفاظت کے لیے قربانیاں دینے والوں کی قدر کی، وہ آج بھی ترقی کی عظیم داستانیں رقم کر رہی ہیں۔ اس ریاست کی خدمت ہمیں اپنی استعداد کے مطابق کرنی چاہیے، اس سے آگے ہم مکلف نہیں۔ وطن اور مٹی سے وفا کی خاطر ہمارے اکابرین اور نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
آخر میں تمام شرکاء نے شہداء اور غازیوں کو "زندہ باد” کے نعروں سے سلام پیش کیا۔ تقریب کا اختتام مولانا سید محمد کی دعا پر ہوا۔
