اداکارہ میرا کو کینیڈا میں داخلے سے روک کر ڈی پورٹ کردیا گیا، ذرائع کا دعویٰ
پاکستانی اداکارہ میرا کو مبینہ طور پر کینیڈین حکام نے ملک میں داخلے سے روک دیا اور نیاگرا فالز بارڈر سے ڈی پورٹ کردیا۔ ذرائع کے مطابق اداکارہ امریکا سے کینیڈا ایک شو میں شرکت کے لیے جارہی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ میرا کو کینیڈا کے نیاگرا فالز بارڈر پر کئی گھنٹوں تک روکے رکھا گیا، جس کے بعد انہیں ڈی پورٹیشن کے حکم کے تحت واپس بھیج دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق دورانِ انٹرویو اداکارہ، جن کا اصل نام ارتضیٰ ارباب ہے، کو بتایا گیا کہ ان کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔
میرا کے سابقہ دورۂ کینیڈا کا معاملہ
واضح رہے کہ اداکارہ میرا نے چند ماہ قبل اپنی فلم ’سائیکو‘ کی تشہیر کے لیے کینیڈا کے شہر کیلگری کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے ایک اسٹیج پر پرفارم بھی کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران مطلوبہ اجازت نامہ نہ ہونے کے باعث ان کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی عائد کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
کینیڈین فیڈرل کورٹ میں اپیل کا امکان
ذرائع کے مطابق اداکارہ میرا اس معاملے پر کینیڈین فیڈرل کورٹ سے رجوع کرسکتی ہیں اور پابندی کو چیلنج کرنے کے لیے قانونی اپیل دائر کرنے کا امکان موجود ہے۔
تاہم، حالیہ واقعے، داخلے پر پابندی کی قانونی وجوہات اور ممکنہ عدالتی کارروائی کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ اس معاملے پر اداکارہ میرا یا متعلقہ کینیڈین حکام کا باضابطہ مؤقف بھی سامنے آنا باقی ہے۔
